’کام کر رہا ہوں چوری نہیں کر رہا‘، اکشے کمار کا ناقدین کو جواب
اکشے کمار نے کہا کہ ’اگر کام کرنے کا موقع ملے تو کون نہیں کرے گا؟‘ (فوٹو: اے ایف پی)
بالی وڈ کے ایکشن ہیرو اکشے کمار کی رواں سال پانچ ریلیز ہوئیں جو باکس آفس پر زیادہ کامیاب نہیں ہوئیں تو بہت سے لوگوں نے انہیں ’بہت زیادہ کام کرنے‘ پر تنقید کا نشانہ بنایا۔
اکشے کمار نے اپنے ناقدین کو جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ سمجھ نہیں پا رہے ہیں کہ لوگوں کو ان کے کام کرنے سے مسئلہ کیوں ہے۔
مزید پڑھیں
انڈین اخبار ہندوستان ٹائمز کی جانب سے منعقدہ لیڈرشپ سمٹ 2022 میں جب اکشے سے جب پوچھا گیا کہ وہ اتنا کام کیوں کرتے ہیں کہ ان کی سال میں چار پانچ فلمیں ریلیز ہوتی ہیں تو اکشے کمار نے جواب دیا کہ ’مجھے بتائیں، کیا یہاں کوئی اپنے بچوں سے پوچھتا ہے کہ وہ اتنا کام کیوں کرتے ہیں؟ لوگ پوچھتے ہیں کہ اتنا جوا کیوں کھیلتا ہے، اِتنا پیتا کیوں ہے لیکن کوئی کسی سے بہت زیادہ کام کرنے پر سوال کرتا ہے؟‘
اکشے کمار نے سال میں چار فلمیں کرنے کے اپنے فیصلے کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ وہ مستقبل میں بھی ایسا کرتے رہیں گے۔ ’میں سال میں چار فلمیں کرتا ہوں۔ ہاں، میں کرتا ہوں۔ میں اشتہارات کرتا ہوں، ضرور۔ میں کام کرتا ہوں لیکن میں کسی سے چوری نہیں کر رہا ہوں۔‘
انہوں نے کہا کہ ’مجھے سمجھ نہیں آتی میڈیا والوں نے مجھ سے پوچھا تم جلدی کیوں اٹھتے ہو؟ صبح جاگنے کے لیے ہے، ٹھیک ہے۔ وہ مجھ سے پوچھتے ہیں کہ تم اتنی جلدی کیوں سوتے ہو؟ ارے بیوقوف، رات کو سوتا ہے آدمی۔ مجھے سمجھ نہیں آ رہی کہ میں کیا غلط کر رہا ہوں۔‘
انہوں نے کہا کہ ’میں کام کروں گا، اگر کام کرنے کا موقع ملے تو کون نہیں کرے گا؟ میں چار فلمیں کروں گا۔‘
اکشے کمار نے یہ بھی واضح کیا کہ ’40 دن میں فلم مکمل کرنے‘ کے بارے میں ان کے بیان کی غلط تشریح کی گئی۔ ’میں اپنے شوٹنگ کے دنوں کے بارے میں بات کر رہا تھا۔ ورنہ فلمیں بننے میں زیادہ وقت لگتا ہے تقریباً 80-90 دن۔‘
اکشے کمار کی رواں سال پانچ فلمیں ریلیز ہوئیں جن میں بچن پانڈے، سمراٹ پرتھویراج، رکشا بندھن، اور رام سیتو سبھی تھیٹر میں ریلیز ہوئیں جبکہ کٹپتلی ڈزنی ہاٹ اسٹار پر ریلیز ہوئی۔