حائل میں سیلابی ریلے میں ایک بچہ ڈوب کر ہلاک
اتوار 13 نومبر 2022 10:33
’شہری دفاع نے سیلابی ریلے میں پھنس جانے والی گاڑی میں سوار 4 افراد کو بچالیا ہے‘ ( فوٹو: سبق)
حائل کے مشرق میں واقع الحائط کمشنری میں سیلابی ریلے میں ایک بچہ ڈوب کر ہلاک ہوگیا ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق محکمہ شہری دفاع کی ٹیموں نے بچے کی لاش نکال لی ہے۔
شہری دفاع نے کہا ہے کہ ’واقعہ کل ہفتے کے روز ہوا جب بچے کی ڈوبنے کی اطلاع ملی‘۔
ادھر حائل ہی میں محکمہ شہری دفاع نے سیلابی ریلے میں پھنس جانے والی گاڑی میں سوار 4 افراد کو بچالیا ہے۔
مذکورہ افراد سیلابی ریلے سے گزرنے کی کوشش کر رہے تھے جب ان کی گاڑی کسی گڑھے میں پھنس گئی۔
دوسری طرف تبوک روڈ سیکیورٹی فورس نے ہائی وے کے مسافروں کو خبردار کیا ہے کہ حائل سے سیلابی ریلے کا گزر ہونے والا ہے۔