سورت ..... بس کنڈیکٹر کی بیٹی ایشوریہ پاٹل آئندہ چند ماہ میں کمرشل پائلٹ کا لائسنس حاصل کرلے گی۔ اسکی عمر صرف 19سال ہے۔ اس نے 200گھنٹے کی فلائٹ ٹریننگ میں سے 185گھنٹے مکمل کرلئے ۔21سال کی عمر میں اسے ایئرلائنز ٹرانسپورٹیشن پائلٹ کا لائسنس مل جائیگا۔ ایشوریہ نے سنسکر بھارتیہ اسکول سے تعلیم حاصل کی ہے۔ سائنس میں انٹر کیا اور 70فیصد سے زیادہ نمبر حاصل کئے۔ ایشوریہ نے کہاکہ شروع سے ہی میں جہاز اڑانے کا خواب دیکھا کرتی تھی لیکن میرے خاندان کی مالی حالت ایسی نہیں تھی۔ اسکے والد کمپت پاٹل گجرات اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن میں بس کنڈیکٹر ہیں اور اپنی بیٹی کی پائلٹ بننے کی تربیت پر 25لاکھ روپے خرچ کرنے کی پوزیشن میں نہیں تھے تاہم ایشوریہ کا کہناہے کہ میرے والد نے میرے خواب کی تعبیر پوری کرنے کیلئے محنت کی۔ ہم نے ریاستی حکومت سے رابطہ کیا اور 25لاکھ روپے قرضہ لیا۔ ایشوریہ نے مہاراشٹر کے شہر شیرپور میں تھیوری اور 185گھنٹے کی فلائنگ ٹریننگ مکمل کی۔ اب وہ 15گھنٹے کی فلائنگ ٹریننگ حیدرآباد میں مکمل کریگی۔ اس نے کہا کہ ہمارے وسائل محدود تھے اسلئے میں کسی بھی ٹیسٹ میں ناکام ہونے کا سوچ بھی نہیں سکتی تھی۔ میں نے ہمیشہ ہی اس امر کو یقینی بنایا کہ تمام امتحان پہلی ہی کوشش میں پاس کرلوں۔ ایشوریہ کی بڑی بہن کرشنا سورت میں انجینیئرنگ میںڈپلومہ کررہی ہے۔ ایشوریہ کا کہناتھا کہ اگر آپ کسی چیز کی خواہش کرلیں تو پھر ہر چیز حاصل ہوسکتی ہے۔ میں ایک دن بڑے کمرشل طیارے کی پائلٹ بن جاﺅنگی۔