’فطرت کا حسن‘ سعودی عرب کا علاقہ الباحہ جہاں 142 پارکس ہیں
ان پارکس کا مجموعی رقبہ 41 لاکھ مربع میٹرسے زائد ہے۔ (فوٹو: عاجل)
شہروں میں موجود پارکس محض سبزے سے عبارت نہیں ہوتے بلکہ یہ شہری زندگی کے معیار کو بلند کرنے اور ماحول کو بہتر بنانے میں معاون ہوتے ہیں۔
سبزہ زار انسانوں کی صحت پر مثبت اثرات مرتب کرتے ہیں جہاں بیٹھ کر فطرت کے حسن اور رعنائی سے لطف اندوز ہوا جاسکتا ہے۔
عاجل نیوز کے مطابق ماہرین کی جانب سے اس حوالے سے کی گئی تحقیق میں یہ بات واضح ہوتی ہے کہ سبزہ زاروں میں بیٹھنے سے ذہنی دباو میں کمی اور مزاج میں بہتری آتی ہے۔
الباحہ ریجن کے میئر ڈاکٹر علی السواط کا کہنا ہے’ اس وقت الباحہ شہر اور اس کے مضافات میں 142 پارکس ہیں جن کا مجموعی رقبہ 41 لاکھ مربع میٹرسے زائد ہے۔‘
ریجن میں موجود پارکوں میں جہاں تفریح کی بہت سے سہولتیں فراہم کی گئی ہیں وہاں ورزش کے آلات اور واک کرنے کے لیے ٹریکس بھی بنائے گئے ہیں تاکہ لوگ اپنی صحت کا خیال رکھیں۔
پارکوں میں فیملیز کے لیے بھی مخصوص پورشن کے علاوہ بچوں کے لیے سائیکلنگ کے ٹریکس اور گاڑیوں کی پارکنگ کا بھی اہمتام کیا گیا ہے۔
ڈاکٹر علی السواط کا کہنا تھا ’مملکت کے وژن 2030 کے اہداف کے مطابق بلدیہ نے سبزہ زاروں میں اضافے کے لیے مناسب اقدامات کیے ہیں تاکہ زیادہ سے زیادہ رقبے پر پودے اگائے جاسکیں۔‘