Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فلموں کے لیے اپنا معاوضہ 40 فیصد تک کم کرنا چاہتا ہوں: اکشے کمار

اکشے کمار کی رواں سال ریلیز ہونے والی تمام فلمیں باکس آفس پر فلاپ رہی ہیں (فائل فوٹو: اے ایف پی)
انڈین فلم انڈسٹری بالی وُڈ کے سپرسٹار اکشے کمار فلموں کے لیے اپنا معاوضہ 30 سے 40 فیصد کم کرنا چاہتے ہیں۔
اکشے کمار نے ایک انٹرویو میں بالی وُڈ کو زوال سے نکالنے کے بارے میں تدابیر بتاتے ہوئے کہا کہ ’سنیما میں عوام میں کو واپس لانے کے لیے فلم بنانے پر پیسے کم لگانا ہوں گے، جس میں فلم کے اداکاروں کا معاوضہ بھی شامل ہے۔‘
’ہندوستان ٹائمز لیڈرشپ سمٹ‘ کے دوران بالی وُڈ اداکار نے کہا کہ ’فلم انڈسٹری کو چلنے والے سسٹم کو ختم کرکے نیا سسٹم لانا چاہیے تاکہ عوام سنیما گھروں میں واپس آئیں۔‘
’میرے خیال سے جو بھی ہورہا ہے، چیزیں اب تبدیل ہوگئی ہیں، لوگ اب کچھ نیا دیکھنا چاہتے ہیں، میرے خیال سے ہمیں بیٹھ کر سوچنا چاہیے کہ ناظرین کیا چاہتے ہیں۔‘
اکشے کمار کے مطابق ’یہ عوام کی غلطی نہیں ہے کہ وہ سنیما نہیں آرہے بلکہ یہ ہماری غلطی ہے۔ ہمیں انہیں وہ دینا چاہیے جو وہ چاہتے ہیں۔ میں بالکل نئے طریقے سے کام کرنا چاہتا ہوں، کورونا کی وبا کے دوران سب کچھ تبدیل ہوگیا ہے۔‘
اکشے کمار نے فلموں میں معاوضہ کم لینے کے حوالے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’میں آپ کو بتانا چاہتا ہوں کہ اپنا معاوضہ 30 سے 40 فیصد کم کر رہا ہوں، سنیما گھروں کو بھی یہ سمجھنا چاہیے کہ معاشی مشکلات کا وقت ہے، لوگوں کے پاس پیسے کم ہیں، آپ اتنے زیادہ پیسے خرچ نہیں کر سکتے۔‘
بالی وُڈ حالیہ چند برسوں سے زوال کا شکار ہے، ناقص کہانی اور بائیکاٹ مہم کے باعث ہندی فلمیں مسلسل فلاپ ہو رہی ہیں۔
خیال رہے کہ اکشے کمار کی رواں سال ریلیز ہونے والی تمام فلمیں باکس آفس پر فلاپ رہی ہیں۔

شیئر: