الہدا روڈ ٹریفک کے لیے کھول دی گئی، آج بھی بارش کا امکان
جمعرات 17 نومبر 2022 10:31
’آج جمعرات اور کل جمعہ کو حائل، قصیم اور مشرقی ریجن سمیت کویت میں شدید بارش اور ژالہ باری ہوگی‘ (فوٹو: طقس العرب)
روڈ سیکیورٹی فورس نے طائف کی الہدا روڈ ٹریفک کے لیے وقتی طور پر بند کرنے کے بعد دوبارہ کھول دی ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب موسلادھار بارش کے باعث روڈ بند کردی گئی تھی۔
روڈ سیکیورٹی فورس نے کہاہے کہ ’شدید بارش ، دھند اور لینڈ سلائیڈنک کے امکان کی وجہ سے مسافروں کی سلامتی کے لیے روڈ وقتی طور پر بند رہی‘۔
ادھر محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ ’آج متعدد علاقوں میں مختلف درجوں کی بارش کا امکان ہے‘۔
محکمے نے کہا ہے کہ ’شمالی حدود، الجوف، مدینہ منورہ، ریاض، حائل، قصیم، مشرقی ریجن اور مکہ مکرمہ و عسیر میں بارش ہوگی‘۔
’موسمیاتی نقشوں کے مطالعے سے معلوم ہوا ہے کہ مدینہ منورہ، قصیم اور حائل میں گھنے بادل جمع ہورہے ہیں‘۔
’مدینہ منورہ میں الحناکیہ کا علاقہ سب سے زیادہ متاثر ہوگا جہاں اس وقت مطلع غبار آلودبھی ہے‘۔
دریں اثنا ماہر موسمیات عبد العزیز الحصینی نے توقع ظاہر کی ہے کہ ’آج جمعرات اور کل جمعہ کو حائل، قصیم اور مشرقی ریجن سمیت کویت میں شدید بارش اور ژالہ باری ہوگی‘۔