بیجنگ....چین میں اپنی شادی پرکرائے کی بارات لانے پر دولہے کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق دولہے کی طرف سے آئے ہوئے مہمان بات چیت کے دوران دولہے کی زندگی کے متعلق تفصیلات بتانے میں ناکام رہے۔اس موقع پر لڑکی والوں کو شک ہوااور لڑکے کے والدین وہاں نہیں پہنچے تو لڑکی والوں کو یقین ہو گیا کہ دولہا کرائے کے دوست اور رشتہ دار لے کر آیا ہے۔دولہے کے’ ’مہانوں‘ ‘کے مطابق ان کو فی کس 12 ڈالر دے کر یہاں لایا گیا۔ وانگ نامی دولہا کی جانب سے بلائے گئے لوگوں میں ٹیکسی ڈرائیور، طالبعلم اور دیگر عام لوگ شامل تھے۔دولہا نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ سے کرائے کے باراتی جمع کئے۔ ابھی یہ واضح نہیں کہ دولہا نے ایسا کیوں کیا اور ایسا کرنے سے وہ کسی قانون کو توڑنے کا مرتکب بھی ہوا ہے کہ نہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق لڑکا غریب تھا، جس کی وجہ سے لڑکی والے اس شادی کے خلاف تھے اور اپنے خاندان کو شرمندگی سے بچانے کےلئے لڑکے نے کرائے کے رشتہ دار بلانے کا فیصلہ کیا۔