شاہ سلمان مرکز کی پاکستان، اردن اور یمن میں امدادی سرگرمیاں جاری
امدادی سامان سے دوہزار 310 افراد کو فائدہ پہنچا ہے( فوٹو ایس پی اے)
سعودی عرب کے شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات نے گلگلت بلتستان میں موسم سرما کے ملبوسات اور کمبلوں پر مشتمل مزید 330 بیگ تقسیم کیے ہیں جن سے دوہزار 310 افراد کو فائدہ پہنچا ہے۔
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق سعودی ایجنسی دنیا کے مختلف ممالک میں ضرورت مندوں میں امدادی سامان انسانی بنیادوں پر تقسیم کرا رہی ہے۔ گلگت بلتستان کے ضرورت مندوں میں موسم سرما کی ضروریات کے حوالے سے جو امدادی سامان کی تقسیم اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔
علاوہ ازیں شاہ سلمان مرکز نے یمن کی تعز کمشنری کے المعافر ضلع میں 69 ٹن 15 کلو گرام کھانے پینے کی اشیا تقسیم کرائی ہیں جن سے تین ہزار 870 افراد کو فائدہ پہنچا۔
شاہ سلمان مرکز یمن میں 2022 کے دوران فوڈ سیکیورٹی پروجیکٹ نافذ کررہا ہے۔ اس کا مقصد یمن کی 15 کمشنریوں میں متاثرہ اور ضرورت مند خاندانوں کو 20 ہزارٹن سے زیادہ غذائی اشیا فراہم کرنا ہے۔ ایک لاکھ 92 ہزارسے زیادہ فوڈ باسکٹ تقسیم کرنے کا پروگرام ہے۔
سعودی ایجنسی نے اردن کی مادبا اورالکرک کمشنریوں میں بھی ایک ہزار 586 نادار خاندانوں میں موسم سرما کے ملبوسات شاہ تقسیم کرائے ہیں۔
شاہ سلمان مرکز اردن میں امدادی سامان کی تقسیم اردن کے فلاحی ادارے کے تعاون سے کررہا ہے۔ شام اور فلسطین پناہ گزینوں کے علاوہ ضرورت مند اردنی خاندانوں میں بھی امدادی سامان تقسیم کیا گیاہے۔