ٹخنے کی انجری: سٹار برازیلین فٹ بالر نیمار ورلڈ کپ کے اگلے میچ سے باہر
نیمار فیفا ورلڈ کپ میں سربیا کے خلاف میچ کے دوران ٹخنے کی انجری کا شکار ہوگئے تھے (فائل فوٹو: اے ایف پی)
برازیل کے سٹار فٹ بالر نیمار ٹخنے کی انجری کے باعث قطر میں جاری فیفا ورلڈ کپ میں اپنے اگلے میچ سے باہر ہوگئے ہیں۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق کے نیمار پیر کو شیڈول سوئٹزرلینڈ کے خلاف میچ سے باہر ہوگئے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق برازیلین ٹیم کے ڈاکٹر نے بتایا کہ ’نیمار فیفا ورلڈ کپ میں سربیا کے خلاف میچ کے دوران ٹخنے کی انجری کا شکار ہوگئے تھے جس کے بعد وہ سوئٹزرلینڈ کے خلاف میچ نہیں کھیلیں گے۔‘
جمعرات کے روز کھیلے گئے میچ میں نیمار کے ٹخنے میں سوزش دیکھنے میں آئی تھی اور میچ کے دوران ان کی جگہ متبادل کھلاڑی کو فیلڈ پر لایا گیا تھا۔
دوسری جانب برازیل کے ایک اور کھلاڑی ڈنیلو بھی ٹخنے کی انجری کے سبب سوئٹزرلینڈ کے خلاف میچ سے باہر ہوگئے ہیں۔
ٹیم ڈاکٹر کے مطابق برازیل کے یہ دونوں کھلاڑی اگلا میچ نہیں کھیل سکیں گے، تاہم دونوں کھلاڑی اپنا علاج جاری رکھیں گے تاکہ ایونٹ کے بقیہ میچز کھیل سکیں۔‘
خیال رہے کہ فیفا ورلڈ کپ میں اپنے پہلے میچ میں برازیل نے سربیا کو 0-2 سے شکست دی تھی۔