انڈیا، ’چوری کی کوشش میں‘ ملزم دروازے میں پھنس کر ہلاک
مقامی میڈیا کے مطابق 30 سالہ شخص چوری کے دیگر واقعات میں ملوث رہ چکا تھا (فائل فوٹو: پکسابے)
انڈیا کی ریاست اتر پردیش میں ایک شخص کی اس وقت ہلاکت ہو گئی جب وہ مبینہ طور پر چوری کے لیے دروازے سے داخل ہوتے ہوئے وہاں پھنس کر رہ گیا۔
’انڈیا ٹوڈے‘ کی رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ پیر کی صبح ریاست اترپردیش کے شہر وراناسی میں پیش آیا۔
یہ شخص وراناسی کے علاقے دانیال پور میں مبینہ طور پر ایک پاور لُوم سینٹر میں داخل ہونے کی کوشش کر رہا تھا۔
رپورٹ کے مطابق 30 سالہ شخص چوری کے دیگر واقعات میں ملوث رہ چکا تھا۔
مذکورہ پاور لُوم سینٹر نظام نامی ایک شخص کی ملکیت ہے اور یہ کام نہ ہونے کی وجہ سے گزشتہ دو دن سے بند تھا۔
ہلاک ہونے والے شخص نے اس کے دروازے سے اندر داخل ہونے کی کوشش لیکن اسے علم نہیں تھا کہ یہ اوپر سے بند ہے۔
پاور لُوم کے اندر داخل ہونے کی کوشش میں اس کا سر دروازے میں پھنس گیا اور دھڑ باہر رہ گیا جس سے اس کی موت واقع ہو گئی۔
واقعے کے بعد پولیس جائے وقوعہ پر پہنچی اور لاش اپنے قبضے میں لے لی۔