Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انگلینڈ کرکٹ ٹیم کھانا پکانے کے لیے باورچی پاکستان لائے گی: رپورٹ

دورۂ پاکستان کے لیے انگلینڈ کی ٹیم کے مینیو کا بڑا حصہ پاستا ڈشز پر مشتمل ہوگا (فائل فوٹو: ڈیلی مرر)
انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم نے پاکستان کے دورے کے لیے ایک باورچی کی خدمات حاصل کرلی ہیں جو ٹیسٹ سیریز کے دوران انگلش کھلاڑیوں کو ان کے مطابق مناسب کھانا دینے کی ذمہ داریاں نبھائیں گے۔
کھیلوں کی ویب سائٹ کرک انفو کے مطابق انگلش کرکٹ بورڈ نے پیشہ ور باورچی کی خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ کھلاڑیوں اور سٹاف کے حالیہ دورۂ پاکستان کے تجربات کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق پاکستان میں ٹی20 سیریز کے دوران کچھ کھلاڑیوں کا پیٹ خراب ہوگیا تھا۔ ٹیم کے ساتھ سفر کرنے والے باورچی کھلاڑیوں کے ذاتی معیار کے مطابق کھانوں کی تیاری کی نہ صرف نگرانی کریں گے بلکہ مینیو بھی ترتیب دیں گے۔
شیڈول کے مطابق انگلش ٹیم یکم سے پانچ دسمبر تک راولپنڈی میں پہلا ٹیسٹ، نو دسمبر سے 13 دسمبر تک ملتان میں دوسرا ٹیسٹ اور 17 سے 21 دسمبر تک کراچی میں تیسرا ٹیسٹ میچ کھیلے گی۔
انگلینڈ کی ٹیم پاکستان رواں سال ستمبر اور اکتوبر میں سات ٹی20 میچوں کی سیریز کھیلنے آئی تھی اور یہ سیریز انگلش ٹیم نے 3-4 سے جیتی تھی۔
اس دورے کے دوران بھی اس وقت کی انگلش ٹیم کے کپتان معین علی نے پاکستانی کھانوں پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’کھانے کے حوالے سے مجھے لاہور میں تھوڑی مایوسی ہوئی۔ کراچی (کھانے کے اعتبار سے) اچھا تھا۔‘
کرک انفو کے مطابق انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم نے دورۂ پاکستان کے لیے سابق انگلش فٹ بال ٹیم کے باورچی عمر میزان کی خدمات حاصل کی ہیں۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ دورۂ پاکستان کے لیے انگلینڈ کی ٹیم کے مینیو کا بڑا حصہ پاستا ڈشز پر مشتمل ہوگا۔

شیئر: