Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

گاڑیوں کے سالانہ انسپیکشن (فحص دوری) کی نئی فیسیں کیا ہیں؟

پرائیویٹ کار اور ٹیکسی کی کمپیوٹر فیس سو ریال مقرر کی گئی ہے( فوٹو: اخبار24)
سعودی حکومت نے گاڑیوں کے سالانہ انسپیکشن (فحص دوری) کی نئی فیسیں مقررکی ہیں۔ کم از کم 45 ریال اور زیادہ سے زیادہ 205 ریال فیس رکھی گئی ہے۔ 
اخبار24 کے مطابق گاڑی کا کمپیوٹر کراتے وقت پہلی ناکامی کے بعد دوبارہ کمپیوٹر کرانے کی فیس 15 سے 68 ریال ہے۔
 سالانہ کمپیوٹر فیس کا جو چارٹ جاری کیا ہے، اس کے مطابق موٹر سائیکل کی کمپیوٹر فیس 45 ریال ہے جبکہ ناکامی کی صورت میں دوبارہ کمپیوٹر کرانے کی فیس 15 ریال ہوگی۔ 
تین یا چار پہیوں والی موٹر سائیکل کی کمپیوٹر فیس 50 ریال اوردوبارہ فحص کرانے کی فیس 17 ریال مقررکی گئی ہے۔ 
پرائیویٹ کار اور ٹیکسی کی کمپیوٹر فیس سو ریال اور دوبارہ فحص کرانے کی فیس 33 ریال ہے۔ 
دس سے 15 سیٹر گاڑی کی کمپیوٹر فیس سو ریال ہوگی تاہم گاڑی کا وزن 5 ٹن سے زیادہ نہیں ہونا چاہیے۔ کارگو کے لیے مختص ایسی گاڑی کے کمپیوٹر کی فیس بھی سو ریال ہوگی جس کا وزن ساڑھے تین ٹن سے کم ہو۔
گاڑیوں کو ٹو کرنے والی ٹرالیوں کا بھی فحص ہوگا۔ فیس بھی سو ریال ہوگی۔ یہ ٹرالیاں سامان لانے لے جانے یا کاروباری یا نجی مقاصد کے لیے استعمال کی جاتی ہیں۔ ان کا مجموعی وزن ساڑھے تین ٹن سے کم ہوتا ہے۔
اسی طرح چھوٹی لوڈنگ ٹرالیوں کا بھی کمپیوٹر ہوگا جنہیں کاروباری یا ذاتی اشیا لانے لے جانے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔ عام طور پر ان کا وزن ساڑھے تین ٹن سے کم ہوتا ہے۔ 

دوبارہ کمپیوٹر کرانے کی فیس 15 سے 68 ریال مقرر کی گئی ہے (فوٹو: ٹوئٹر)

15 سے 30 سیٹر گاڑیوں کی کمپیوٹر فیس 141 ہوگی۔ ان میں ایسی گاڑیاں شامل ہیں جن کا وزن 5 ٹن سے زیادہ نہیں ہوتا۔ اسی طرح ساڑھے تین ٹن سے بارہ ٹن تک کے مجموعی وزن والی کارگو گاڑیوں کے کمپیوٹر کی فیس بھی 141 ریال رکھی گئی ہے۔ دوبارہ معائنے پر فیس 47 ریال وصول کی جائے گی۔
کارنیوال کے انسپیکشن کی فیس 184 ریال ہوگی۔ دوبارہ انسپیکشن کی فیس61 ریال رکھی گئی ہے۔
ایسی مسافر گاڑی کے انسپیکشن کی فیس 205 ریال ہوگی جس میں 30 سے زیادہ افراد سفر کرسکتے ہوں اور گاڑی مجموعی وزن  5 ٹن سے زیادہ ہو۔
اسی طرح کارگو وہیکل کے انسپیکشن کی  فیس بھی 205 ریال ہوگی جس کا مجموعی وزن 12 ٹن سے زیادہ ہو۔ دوبارہ فحص کرانے پر 68 ریال فیس وصول کی جائے گی۔

شیئر: