Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بچوں میں ایڈز کے بڑھتے کیسز انتہائی تشویشناک ہیں: وزیراعظم شہباز شریف

نیشنل ایچ آئی وی انفارمیشن سسٹم کے مطابق ایڈز کے کیسز میں اضافہ ہوا ہے (فوٹو: اے ایف پی)
وزیراعظم شہباز شریف نے ایچ آئی وی ایڈز کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ’بچوں اور نوجوانوں میں ایچ آئی وی اور ایڈز کے بڑھتے ہوئے کیسز انتہائی تشویشناک ہیں۔‘
جمعرات کو اپنی ٹویٹ میں انہوں نے لکھا کہ ’میں وزارتِ صحت سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ اس مرض سے لڑنے کے لیے جانچ، روک تھام اور علاج کے بارے میں آگاہی  پر توجہ مرکوز کرے۔‘
وزیراعظم نے مزید کہا کہ ’آج ایڈز کے عالمی دن پر، آئیے ہم سب ایچ آئی وی سے جڑی منفی سوچ کو ختم کرنے کا عہد کریں۔‘
پاکستان کے نیشنل ایچ آئی وی انفارمیشن سسٹم کے مطابق ملک میں گذشتہ کچھ برسوں میں ایچ آئی وی پازیٹو کے کیسز میں اضافہ ہوا ہے۔
گزشتہ 10 ماہ (جنوری سے اکتوبر 2022 تک) کے دوران اسلام آباد میں ایچ آئی وی کیسز میں اضافے کے حوالے سے ایچ آئی وی انفرامیشن سسٹم کے ڈیٹا کے مطابق پمز ہسپتال میں 496 افراد میں ایڈز کی تشخیص ہوئی۔
ان میں 95 فیصد پندرہ سے 49 سالہ بالغ افراد اور 4.9 فیصد بچے شامل ہیں۔
نئے تشخیص شدہ مریضوں میں  17 فیصد (85) نوجوان ہیں جن کی عمریں 15 سے 25 سال کے درمیان ہیں۔
ان مریضوں میں 21 فیصد (18) ٹرانسجینڈرز اور 17 فیصد (14) خواتین شامل ہیں۔
پمز سے علاج کرانے والے مریضوں میں سے صرف 23 فیصد (118) کا تعلق اسلام آباد سے ہے۔ باقی 77 فیصد (378) کا تعلق ملحقہ اضلاع راولپنڈی، ایبٹ آباد، مانسہرہ، اٹک وغیرہ سے ہے۔
ایڈز کا مرض ایچ آئی وی  نامی ایک وائرس کے ذریعے پھیلتا ہے جو انسانی مدافعتی نظام کو تباہ کر کے رکھ دیتا ہے۔ اس کے حملے کے بعد جو بھی بیماری انسانی جسم میں داخل ہوتی ہے نہایت سنگین اور مہلک صورت حال اختیار کر لیتی ہے۔

شیئر: