شہزادہ محمد بن سلمان کا دورہ تھائی لینڈ بہترین نتائج کا باعث بنا(فوٹو، ایس پی اے)
سعودی مجلس شوری کے صدر شیخ ڈاکٹر عبداللہ آل الشیخ نے جمعے کو ایوان شوری ریاض میں تھائی لینڈ کے چیئرمین سینیٹ سے ملاقات کی۔ وہ ان دنوں سعودی عرب کے دورے پر پہنچے ہوئے ہیں۔
سعودی خبررساں ادارے ’ایس پی اے‘ کے مطابق انہوں نے مملکت اور تھائی لینڈ کے دوطرفہ تعلقات، مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کے فروغ اور مشترکہ مفادات کے تناظر میں باہمی تعلقات کی تجدید پر تبادلہ خیال کیا۔ علاوہ ازیں مشترکہ پارلیمانی تعاون کے استحکام کی تدابیر بھی زیر بحث آئیں۔
آل الشیخ نے توجہ دلائی کہ دونوں دوست ملکوں کے عہدیداروں کے دورے خصوصاپارلیمانی وفود کے تبادلے سے اہم شعبوں میں افکار و خیالات اور تجربات بہتر شکل میں آگے بڑھتے ہیں۔ دونوں دوست ملکوں کے درمیان تعاون کی نئی راہیں بھی کھلتی ہیں۔
تھائی لینڈ کے چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ وہ سعودی شوری کونسل اور تھائی لینڈ کی پارلیمنٹ کے درمیان تعاون بڑھانا چاہتے ہیں۔ امید ہے کہ دونوں ملکوں کی کونسلز کے درمیان رابطے بڑھیں تاکہ علاقائی و بین الاقوامی تنظیموں اور کانفرنسوں میں یکجہتی میں اضافہ ہو۔
مکالمے کے ذریعے دونوں ملکوں کے پارلیمانی رہنما ایک دوسرے سے افکار و خیالات کا تبادلہ کرکے دوست ملکوں اور ان کے عوام کے مفادات پورے کریں۔
چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ سعودی ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان کا دورہ تھائی لینڈ بہترین نتائج کا باعث بنا۔
آل الشیخ اور تھائی چیئرمین سینیٹ نے باہمی دلچپسی کے متعدد امور کا جائزہ لیا (فوٹو،ایس پی اے)
شہزادہ محمد بن سلمان نے تھائی لینڈ کے عہدیداروں کے ساتھ مذاکرات کیے جن سے مختلف سطحوں پر دونوں ملکوں کے تعلقات کو عروج کی نئی منزلوں تک پہنچانے کی مشترکہ خواہش ابھر کر سامنے آئی۔
آل الشیخ اور تھائی چیئرمین سینیٹ نے تمام شعبوں میں دونوں ملکوں کی باہمی دلچپسی کے متعدد امور کا جائزہ لیا۔
دونوں نے اس امر پر زور دیا کہ سعودی مجلس شوری اور تھائی لینڈ کی سینیٹ کے درمیان پارلیمانی کمیٹیوں کے رابطے زیادہ ہوں۔ کمیٹی کے ارکان ایک دوسرے کے یہاں کے دورے کریں۔ پارلیمانی تعلقات کے استحکام اور مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کی تقویت کے لیے کام کریں۔