سعودی عرب میں ہونے والی تبدیلیوں پر مبنی فلمیں پیش کی جائیں گی: جمانا الراشد
ریڈ سی انٹرنیشنل فلمی میلے کی چیئرپرسن اورسعودی ریسریچ اینڈ میڈیا گروپ کی سی ای او جمانا الراشد نے فلمی میلے کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ شاندار وممتاز فلم سازوں اورمختلف ثقافتوں کی نمائندہ شاہکار فلموں کا منفرد پلیٹ فارم ہے۔
عربی روزنامہ الشرق الاوسط کے مطابق جمانا الراشد نے کہا کہ میلے میں 61 ممالک کی 34 زبانوں میں 131 فلمیں پیش کی جائیں گی۔
ایس آر ایم جی کی چیف ایگزیکیٹو نے مزید کہا کہ ’ریڈ سی فلمی میلے کا اہم پہلو یہ ہے کہ یہ مشرق وسطیٰ، ایشیا، شمالی افریقہ اوردیگر ثقافتوں میں جھانکنے کا موقع فراہم کررہا ہے۔ یہاں پیش کی جانے والی فلموں کے ذریعے ہم خود کو دریافت کرسکیں گے۔‘
جمانا الراشد نے کہا کہ سعودی عرب میں رونما ہونے والی حیرت انگیز تبدیلیوں کو نمایاں کرنے والی کہانیوں پرمشتمل فلمیں بھی دکھائی جائیں گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’ان نامی گرامی شخصیتوں اورفلم سازوں کی شکرگزار ہیں جو ہم پراعتبار کرتے ہوئے اپنی شاہکارفلمیں پیش کررہے ہیں۔ اپنی نوعیت کے اس منفرد میلے میں جو بہترین بین الاقوامی میلے میں اپنی فلمیں دکھا رہے ہیں۔‘
فلمی میلے میں اس ہفتے بعض شاندار کہانی نگاروں اوراعلی درجے کے تخلیق کاروں کو خود ان کے زاویہ نظر سے متعارف کرایا جائے گا۔