ڈیلی میل کی شہباز شریف سے معافی اور زلفی بخاری کی مبینہ آڈیو لیک سمیت پاکستان میں گذشتہ ہفتے کی اہم خبریں
ڈیلی میل کی شہباز شریف سے معافی اور زلفی بخاری کی مبینہ آڈیو لیک سمیت پاکستان میں گذشتہ ہفتے کی اہم خبریں
ہفتہ 10 دسمبر 2022 0:03
لاہور ہائیکورٹ نے سائفر آڈیو لیک معاملے پر عمران خان کی طلبی کےنوٹس معطل کر دیے (فوٹو: اے ایف پی)
برطانوی اخبار ڈیلی میل نے شہباز شریف سے معافی مانگ لی
برطانوی اخبار ڈیلی میل نے وزیراعظم پاکستان شہباز شریف سے ان پر زلزلہ متاثرین کے لیے امداد میں خورد بُرد کے الزامات عائد کرنے پر معافی مانگ لی ہے۔
جمعرات کو ڈیلی میل نے اپنے معافی نامے میں کہا ہے کہ ’14 جولائی 2019 کو شہباز شریف کے بارے میں شائع ہونے ایک مضمون جس کا عنوان ’کیا پاکستانی سیاستدان کے خاندان نے جو برطانوی بیرون ملک امداد کے لیے پوسٹر بوائے بنے ہیں، زلزلہ متاثرین کے لیے فنڈز کی چوری کی؟‘ اس میں پاکستان کے قومی احتساب بیورو کی جانب سے شہباز شریف کے خلاف کی جانے والی تحقیقات کی اطلاع دی گئی، اور کہا گیا کہ جن پیسوں کے حوالے سے تفتیش کی جا رہی ہے ان میں برطانوی عوام کا معقول پیسہ بھی شامل تھا جو ڈی ایف آئی ڈی امداد کی مد میں صوبہ پنجاب کو دیا گیا تھا۔‘
’حکومت مارچ تک الیکشن کے لیے تیار ہے تو اسمبلیاں تحلیل کرنے سے رک جاتے ہیں‘
سابق وزیراعظم اور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ ’اگر حکومت آئندہ سال مارچ یا اس کے آخر تک الیکشن کے لیے تیار ہے تو ہم اسمبلیاں تحلیل کرنے سے رک جاتے ہیں۔‘
سنیچر کو نجی نیوز چینل ’بول‘ کو دیے گئے ایک انٹرویو میں عمران خان نے سابق آرمی چیف جنرل ریٹائرڈ قمر جاوید باجوہ کی توسیع کو ’بہت بڑی غلطی‘ قرار دیا۔
حکمراں اتحاد میں شامل جماعتوں نے انتخابات کی تاریخ پر مذاکرات کی مخالفت کر دی
پاکستان پیپلز پارٹی، جمیعت علمائے اسلام (جے یو آئی) ف اور عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) نے پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کی سب سے بڑی جماعت مسلم لیگ ن کو پیغام بھجوایا ہے کہ انہیں پاکستان تحریک انصاف کے ساتھ قبل از وقت انتخابات کی تاریخ کے لیے مذاکرات پر تحفظات ہیں۔
سائفر آڈیو لیک، عمران خان کو ایف آئی اے میں طلبی کے نوٹس معطل
لاہور ہائیکورٹ نے سائفر آڈیو لیک معاملے پر تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو ایف آئی اے کی جانب سے طلبی کے لیے جاری کیے گئے نوٹس معطل کر دیے ہیں۔
منگل کو جسٹس اسجد جاوید گرال نے عمران خان کی درخواست پر ابتدائی سماعت کے دوران کہا کہ پہلے تو آڈیو کا فرانزک ہونا چاہیے تھا کہ اصل ہے بھی یا نہیں۔ ’کیا اس بات کی انکوائری کی گئی کہ سائفر والی آڈیو کیسے لیک ہوئی۔‘
زلفی بخاری کی مبینہ آڈیو لیک، ’یہ ٹیمپرڈ اور ایڈیٹڈ ہے، فرانزک کرایا جائے‘
پاکستان کے سابق وزیراعظم عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی اور تحریک انصاف کے رہنما زلفی بخاری کی ایک آڈیو سوشل میڈیا پر گردش میں ہے جس میں گھڑیاں بیچنے کے بارے میں گفتگو کی گئی ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما زلفی بخاری نے اپنی مبینہ آڈیو لیک کے حوالے سے کہا ہے کہ ’ایک دفعہ کوئی چیز ٹیمپرڈ ہو جائے تو اس میں کیا صحیح اور کیا غلط ہے یہ بتانا مشکل ہو جاتا ہے، لیکن یہ میں ضرور کہو گا کہ یہ ٹیمپرڈ ہے اور ایڈیٹڈ ہے۔ یہ کاپی، کٹ پیسٹ کر کے بنائی گئی ہے۔‘
ارشد شریف قتل کیس: سپریم کورٹ کے حکم پر نئی جے آئی ٹی تشکیل
سپریم کورٹ کے حکم کے بعد ارشد شریف قتل کیس کی تحقیقات کے لیے نئی جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم (آئی جے ٹی) تشکیل دے دی گئی ہے۔
حکومت کی جانب سے جمعرات کو سپریم کورٹ میں جمع کرائے نئی جے آئی ٹی کے نوٹیفیکیشن میں مختلف اداروں سے افسران شامل ہیں۔
صدر علوی، اسحاق ڈار کی ملاقات: حکومت اور تحریک انصاف کے درمیان ڈیڈلاک برقرار
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے درمیان بدھ کو ملاقات ہوئی اور جس میں مبینہ طور پر ملکی صورتحال اور سیاسی معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
بدھ کی شب ملاقات کے بعد ایوان صدر سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیر خزانہ نے صدر مملکت کو ملک کی مجموعی معاشی صورتحال اور معاشرے کے کمزور ترین طبقات کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے حکومتی اقدامات سے آگاہ کیا۔
فیصل واوڈا کو تاحیات نااہل نہیں کیا جا سکتا: سپریم کورٹ کا تحریری فیصلہ
پاکستان کی سپریم کورٹ نے تحریک انصاف کے سابق رہنما فیصل واوڈا کی نااہلی سے متعلق کیس میں قرار دیا ہے کہ الیکشن کمیشن کے پاس امیدوار کو الیکشن سے قبل نااہل کرنے کا اختیار نہیں۔ اس لیے فیصل واوڈا کو غلط بیانی پر تاحیات نااہل قرار نہیں دیا جا سکتا۔
کالعدم ٹی ٹی پی کا پولیس وین پر حملہ، تین اہلکار ہلاک
پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع نوشہرہ میں دہشت گردوں کی پولیس وین پر فائرنگ سے تین اہلکار جان سے گئے ہیں۔
نوشہرہ پولیس کے مطابق دہشت گرد سنیچر کو اکوڑہ خٹک کی ایک چیک پوسٹ پر موجود پولیس وین پر فائرنگ کرنے کے بعد جائے وقوعہ سے فرار ہو گئے تھے۔