فیفا ورلڈ کپ: برازیل کو شکست، پینلٹی شوٹس میں کروشیا کامیاب
میچ کا فیصلہ پینلٹی شوٹ آؤٹ کے ذریعے ہوا (فوٹو: اے ایف پی)
فیفا ورلڈ کپ کے پہلے کوارٹر فائنل میں کروشیا نے برازیل کو دو کے مقابلے میں چار گولوں سے ہرا کر سیمی فائنل میں پہنچ گیا ہے۔
جمعے کی رات کو کھیلے گئے میچ میں کروشیا برازیل کو ہرا کر فیفا ورلڈ کپ 2022 کے سیمی فائنل میں پہنچنے والی پہلی ٹیم بن گئی۔
سیمی فائنل میں کروشیا کا مقابلہ ارجنٹائن اور نیدرلینڈز میں سے جیتنے والی ٹیم کے ساتھ ہوگا۔
برازیل اور کروشیا کے درمیان ورلڈ کپ کوراٹر فائنل کا میچ مقررہ اور اضافی وقت میں برابر رہا۔
میچ کا فیصلہ پینلٹی شوٹ آؤٹ کے ذریعے ہوا۔
میچ میں برازیل اور کروشیا کا مقابلہ مقررہ 90 منٹ میں بغیر کسی سکور کے برابر رہا۔
اضافی وقت کے پہلے ہاف میں برازیل کی جانب سے نیمار نے گول کر کے برازیل کو ایک صفر کی برتری دلا دی۔
نیمار نے میچ میں گول کر کے برازیل کے عظیم فٹ بالر پیلے کے 77 انفرادی گولوں کا ریکارڈ برابر کر دیا۔
تاہم کروشیا نے دوسرے ہاف کے اختتامی لمحات میں گول کر کے سکور ایک ایک سے برابر کر دیا جس کے بعد میچ کا فیصلہ شوٹ آوٹ میں ہوا۔