’سعودی عرب اور امارات میں پائیدار اور مضبوط سٹریٹجک شراکت‘
اتوار 11 دسمبر 2022 23:37
علاقائی اور بین الاقوامی سطح پر ہونے والی پیش رفتپر بھی تبادلہ خیال کیا گیا( فوٹو ایس پی اے)
سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے اتوار کو ابوظبی میں اماراتی ہم منصب عبداللہ بن زاید آل نہیاں سے ملاقات کی ہے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق ورلڈ پالیسی کانفرنس کے موقع پر ہونے والی ملاقات میں دونوں ملکوں اور برادر عوام کے درمیان مضبوط دوطرفہ تعلقات، مختلف شعبوں میں انہیں بڑھانے اور ترقی دینے کے طریقوں کا جائزہ لیا گیا۔
علاقائی اور بین الاقوامی سطح پر ہونے والی حالیہ پیش رفت اور اس سلسلے میں کی جانے والی کوششوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
امارات کی سرکاری خبر رساں ایجنسی وام کے مطابق سعودی عرب اور امارات کے وزرائے خارجہ نے کہا ہے کہ دونوں ملک امن وامان کی سپورٹ کے لیے سٹراٹیجک شراکت کے لیے پر عزم ہیں۔
دونوں ملکوں کے وزرائے خارجہ نے امارات اور مملکت کے درمیان گہرے تعلقات،تمام شعبوں میں مشترکہ تعاون اور انہیں مضبوط بنانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا ہے۔
ملاقات میں دونوں ملکوں کی دلچسپی کے مسائل نیز عرب اور خلیجی مشترکہ تعاون کے امور پر بات چیت کی ہے۔
اماراتی وزیر خارجہ نے شہزادہ فیصل بن فرحان کے دورہ ابوظبی کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ’ سعودی عرب اور امارات میں پائیدار اور مضبوط سٹریٹجک شراکت ہے۔ یہ شراکت مشترکہ مفادات کے لیے مزید مضبوط ہوتی جا رہی ہے۔ اس سے خطے سمیت دنیا بھر کے امن واستحکام کوتقویت مل رہی ہے۔