شہزادہ فیصل بن فرحان کی سربیا کے صدر اور وزیر خارجہ سے ملاقات
شہزادہ فیصل بن فرحان کی سربیا کے صدر اور وزیر خارجہ سے ملاقات
بدھ 5 اکتوبر 2022 18:14
باہمی تعلقات کا جائزہ اورعالمی حالات پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے( فوٹو ایس پی اے)
سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے بدھ کو بلغراد میں سربیا کے صدر اور وزیر خارجہ سے ملاقات کی ہے۔
سرکاری خبر رساں ادارے ایس پی اے کے مطابق شہزادہ فیصل بن فرحان نے شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد کی جانب سے خیر سگالی کے پیغامات، سربیا کی حکومت اور عوام کے حوالے سے نیک خواہشات، پائدار ترقی و خوشحالی کے جذبات پہنچائے ہیں۔
سربیا کے صدراورسعودی وزیر خارجہ نے ملاقات میں دونوں ملکوں کے باہمی تعلقات کا جائزہ لیا اورعالمی حالات پر تبادلہ خیال کیا ہے۔
علاوہ ازیں سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے سربیا کے ہم منصب نکولا سلاکووچ سے دفتر خارجہ بلغراد میں ملاقات کی۔
دونوں ملکوں کے تعلقات اور مختلف شعبوں میں انہیں مضبوط تر بنانے کے طریقوں کا جائزہ لیا۔ باہمی دلچسپی کے نمایاں مسائل پر بھی بات چیت کی گئی۔
دونوں ملکوں کے وزرا نے سربیا کی ڈپلومیٹک اکیڈمی اور سعودی عرب کے پرنس سعود الفیصل انسٹی ٹیوٹ فار ڈپلومیٹک سٹڈیز کے درمیان تعاون کی مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے ہیں۔
اس موقع پر بوسنیا میں متعین سعودی سفیر اسامہ الاحمدی اور سعودی وزیر خارجہ کے دفتر کے ڈائریکٹر جنرل عبدالرحمن الداود بھی موجود تھے۔
بعد ازاں مملکت اور سربیا کے وزرائے خارجہ نے مشترکہ پریس کانفرنس کی۔
سعودی وزیر خارجہ نے ریاض میں ایکسپو 2030 کی میزبانی سے متعلق حمایت پر سربیا کا شکریہ ادا کیا۔
فیصل بن فرحان نے کہا کہ’ دونوں ملکوں کے تعلقات کی تاریخ طویل نہیں تاہم دوطرفہ تعلقات مثبت انداز میں تیزی سے آگے بڑھ رہے ہیں‘۔
انہوں نے کہا کہ’ سعودی عرب روس، یوکرین بحران کے پرامن تصفیے کے لیے کی جانے والی تمام علاقائی اور بین الاقوامی کوششوں کا حامی ہے۔ بحران ختم ہونے سے علاقائی امن و سلامتی کو تقویت ملے گی۔ اقتصادی مسائل کم اور توانائی کی عالمی رسد کا مسئلہ حل ہوگا۔‘
سعودی وزیر خارجہ نے 2021 کے دوران مملکت اور سربیا کے دوران تجارتی حجم اضافے کو سراہا۔ 2020 کے مقابلے میں دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی حجم 88 فیصد زیادہ رہا ہے۔
فیصل بن فرحان نے مزید کہا کہ ’سعودی وژن 2030 کے تناظر میں تمام شعبوں میں سرمایہ کاری بڑھانے کے امکانات پر سربیا کے ہم منصب سے تبادلہ خیال کیا ہے‘۔
سربیا کے وزیر خارجہ نے کہا کہ’ سعودی عرب کے ساتھ تعلقات مضبوط بنانے کے لیے کوشاں ہیں۔ مملکت نے حالیہ برسوں کے دوران ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے ترقیاتی منصوبوں کے تصور کے نتائج کے حوالے سے حیران کن ترقی کی ہے‘۔
انہوں نے کہا کہ ’سعودی عرب جی 20 کا موثر رکن ہے اور2030 تک دنیا کی دس اہم اقتصادی طاقتوں میں شامل ہونے کے لیے کوشاں ہے‘۔
سربیا کے وزیرخارجہ نے کہا کہ’ سعودی وزیرخارجہ سے ملاقات میں روس یوکرین بحران کے حل کے لیے پرامن کوششوں کی حمایت کی اہمیت پر تبادلہ خیال کیا ہے۔ یہ بحران منفی اثرات ڈال رہا ہے‘۔