Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وزیرِخارجہ بلاول بھٹو زرداری بدھ کو دورۂ امریکہ کے لیے روانہ ہوں گے

دورے کے دوران وزیرِخارجہ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس سے بھی ملاقات کریں گے (فائل فوٹو: سکرین گریب)
پاکستان کے وزیرِخارجہ بلاول بھٹو زرداری بدھ کو ایک ہفتے کے لیے امریکہ کے دورے پر روانہ ہو رہے ہیں۔
دفترِ خارجہ کے پیر کو جاری ہونے والے بیان کے مطابق اس دورے کے دوران وزیرِخارجہ بلاول بھٹو زرداری کی نیو یارک اور واشنگٹن میں دوطرفہ اور کثیر الجہتی امور سے مصروفیات ہوں گی۔
بیان کے مطابق ’15 اور 16 دسمبر کو نیویارک میں وزیرِخارجہ جی 77 اور چین کی بین الوزرا کانفرنس کی میزبانی اور صدارت کریں گے۔ اس کانفرنس کے ایجنڈے میں کورونا وبا، موسمی آفات اور جغرافیائی سیاسی پیش رفت کے تناظر میں پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول میں ترقی پذیر ممالک کو درپیش چیلنجز پر بحث شامل ہے۔‘
دورے کے دوران وزیرِخارجہ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس سے ملاقات کریں گے اور بدھ کو منعقد ہونے والے ’بین الاقوامی امن اور سلامتی کی بحالی‘ کے موضوع پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں ایک اعلیٰ سطحی مباحثے میں بھی حصہ لیں گے۔
دفتر خارجہ کے مطابق ’وزیر خارجہ 19 دسمبر کو واشنگٹن ڈی سی کا دورہ کریں گے جہاں وہ اعلیٰ سطح کے سرکاری حکام، کانگریس کے رہنماؤں، پاکستانی نژاد امریکی تاجروں اور پاکستانی کمیونٹی کے ارکان سے ملاقاتیں کریں گے۔‘
’سرکاری ملاقاتوں کے دوران باہمی دلچسپی کے دوطرفہ اور علاقائی امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا تاکہ پاکستان اور امریکہ کے دوطرفہ تعلقات بالخصوص تجارت، سرمایہ کاری، موسمیاتی چیلنجز اور اقتصادی ترقی کے شعبوں میں تعاون کو آگے بڑھایا جا سکے۔‘

شیئر: