Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عالمی برادری کشمیر میں انڈیا کی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے: بلاول بھٹو

سیکرٹری جنرل نے کہا کہ ’او آئی سی نے ہمیشہ کشمیریوں کے حق خود ارادیت کی حمایت کی ہے۔‘ (فوٹو: وزارت خارجہ)
پاکستان کے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ’انڈیا مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کر رہا ہے اور کشمیری عوام پر مظالم ڈھا رہا ہے۔ عالمی برادری کو اس کا نوٹس لینا چاہیے اور اس حوالے سے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔‘
سرکاری خبر رساں ادارے اے پی پی کے مطابق سنیچر کو اسلام آباد میں اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی ) کے سیکرٹری جنرل ابراہیم طٰہ کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ’سیکرٹری جنرل او آئی سی کا دورہ پاکستان کشمیریوں کے ساتھ امت مسلمہ کی یکجہتی کا اظہار ہے، او آئی سی امت مسلمہ کی ترجمان ہے اور مسلم دنیا کا سب سے بڑا نمائندہ پلیٹ فارم ہے۔‘
وزیر خارجہ نے کہا کہ ’مسلم امہ کے حوالے سے او آئی سی کے کردار کو سراہتے ہیں۔ او آئی سی نے مسئلہ کشمیر پر ہمیشہ پاکستان کا ساتھ دیا ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’مسئلہ کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق ہونا چاہیے، ہم کشمیری بہن بھائیوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔‘
انہوں نے کہا کہ او آئی سی کے سیکرٹری جنرل اتوارکو پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کا دورہ کریں گے۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ اسلامی تعاون تنظیم کے سیکرٹری جنرل سے ملاقات کے دوران اسلامو فوبیا سے نمٹنے کے حوالے سے بھی بات چیت ہوئی۔
سیکرٹری جنرل او آئی سی ابراہیم طٰہ نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ان کے پاکستان کے دورے کا مقصد کشمیریوں کے ساتھ او آئی سی کا اظہار یکجہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان او آئی سی کا بانی رکن ہے اور اسے فعال و متحرک بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کشمیری دہائیوں سے اپنے حقوق کے لیے جدوجہد کررہے ہیں۔
ابراہیم طٰہ نے کہا کہ ’اسلامی تعاون تنظیم ہمیشہ مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے آواز ا ٹھاتی رہی ہے۔ او آئی سی نے مسئلہ کشمیر پر ہمیشہ پاکستان کا ساتھ دیا ہے۔‘
سیکرٹری جنرل نے کہا کہ ’او آئی سی نے ہمیشہ کشمیریوں کے حق خود ارادیت کی حمایت کی ہے اور مقبوضہ کشمیر میں کسی بھی غیر قانونی اقدام کی مخالفت کی ہے۔‘

شیئر: