سعودی عرب: نومبر میں آلو، مرغی اور انڈے مہنگے رہے
جمعرات 15 دسمبر 2022 19:50
محکمہ شماریات نے اشیائے صرف کو 10 زمروں میں تقسیم کیا ہے۔ (فوٹو اخبار 24)
سعودی محکمہ شماریات نے نومبر 2021 کے تقابل کے ساتھ نومبر 2022 کے دوران اشیا اور سہولیات کے چارجز اور قیمتوں کے اعدادوشمار پیش کردیے۔
اخبار 24 کے مطابق محکمہ شماریات نے سہولیات اور اشیائے صرف کو دس زمروں میں تقسیم کیا ہے۔ کھانے پینے کی اشیا، صفائی کا سامان، صحت، اصلاح و مرمت، چارہ، زندہ جانور، ہوٹل، فرنشڈ اپارٹمنٹس اور مختلف اشیائے صرف و سہولیات کی صورت میں زمرے بنائے گئے ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ نومبر میں آلو، مقامی انڈے، مقامی فروزن مرغی، درآمد شدہ فروزن مرغی، خشک دودھ اور خوردنی تیل کے نرخ سب سے زیادہ رہے جبکہ امریکی الائچی، انڈین الائچی، گوبھی اور گرین فاصولیہ کی قیمتیں کھانے پینے کی اشیا میں سب سے کم رہیں۔
محکمہ شماریات کا کہنا ہے کہ مختلف خدمات اور غیر غذائی اشیا میں کپڑوں کی دھلائی میں استعمال ہونے والا پاٖؤڈر (ٹائیڈ)، شادی بیاہ اور تقریبات کے اخراجات، کیڑے مار ادویہ (ریڈ) کپڑوں کو چمکانے والا لیکوڈ (کلورکس)، ہوٹلوں اور فرنشڈ اپارٹمنٹ کے کرایے، موبل آئل اور بچوں کے امراض کے ماہر ڈاکٹروں کی فیس نومبر میں مہنگی رہی جبکہ گاڑیوں کی اصلاح و مرمت، خواتین اور لڑکیوں کے کپڑوں کی سلائی، لانڈری میں کپڑوں کی دھلائی اور استری کی فیسیں کم رہیں۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں