وفاق نے بقایا جات ادا نہ کیے تو اسمبلی کے سامنے احتجاج کریں گے: محمود خان
خیبر پختونخوا کے وزیراعلٰی محمود خان نے کہا ہے کہ صوبے کے حقوق کے لیے اگلے ہفتے سے قومی اسمبلی کے سامنے احتجاج کریں گے۔
جمعے کو ضلع سوات کی تحصیل مٹہ میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیراعلٰی خیبر پختونخوا نے کہا کہ وفاق سے ہمیں 190 ارب روپے کے بقایا جات نہیں مل رہے۔
وزیراعلٰی محمود خان نے میڈیا سے درخواست کی کہ ان کی آواز وفاق تک پہنچا دی جائے۔
’اگر پیسے نہیں دیں گے تو اگلے ہفتے ہم جائیں گے اور قومی اسمبلی کے سامنے بیٹھیں گے۔ وہاں ہم خیمے لگائیں گے اور تب تک واپس نہیں آئیں گے جب تک ہمیں ہمارا حق نہیں مل جاتا۔‘
انہوں نے سوال اٹھایا کہ پیسے جب تک نہیں ملیں گے تو صوبہ کیسے چلائیں گے۔
’صوبے کو اپنا حق نہیں ملے گا تو ترقیاتی کام کیسے آگے بڑھیں گے۔‘
انہوں نے کہا کہ پیسے نہیں ملیں گے تو ملازمین کو تنخواہیں کہاں سے دیں گے۔
’سیلاب کے دوران ہمیں دس ارب روپے دینے کا وعدہ کیا جو نہیں ملے۔‘