عسیر ریجن میں دو افراد سیلابی ریلے میں پھنس گئے، ایک کو بچا لیا گیا، دوسرا ہلاک
شہری دفاع نے لوگوں سے کہا ہے کہ وہ سیلابی ریلے سے دور رہیں( فوٹو العربیہ)
سعودی عرب کےعسیر ریجن میں المجاردہ کمشنری کی وادی جریہ میں دو افراد سیلابی ریلے میں پھنس گئے، ایک کو بچا لیا گیا جبکہ دوسرا جان کی بازی ہار گیا۔
شہری دفاع کے اہلکاروں نے سیلابی ریلے سے دونوں افراد کو نکال لیا تھا۔ایک کو علاج کے لیے ہسپتال منتقل کیا گیا جبکہ دوسرا چل بسا۔
العدربیہ نیٹ کے مطابق محکمہ شہری دفاع نے مقامی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں کو ہدایت کی کہ’ وہ سیلابی ریلے سے دور رہیں۔ بارش سے جمع ہونے والے پانی کے قریب نہ جائیں۔ نشیبی علاقوں میں جمع ہوجانے والے پانی میں تیراکی کا شوق نہ کریں۔ بچوں کو بھی ایسا کرنے سے روکیں‘۔
محکمہ شہری دفاع نے کہا ہے کہ ’صحرا میں سیاحت کےلیے ایسے مقامات کا انتخاب کیا جائے جو وادیوں، گھاٹیوں اور نشیبی علاقوں سے ہٹ کر ہوں۔ باربی کیو کے لیے ایسی جگہ کا انتخاب کریں جہاں کوئلہ استعمال کرنے کی وجہ سے گھٹن کے مسائل نہ پیدا ہوں‘۔