Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

یکم محرم 1439ھ کو حائل کے تمام شاپنگ مالز کی سعودائزیشن ہوگی

  حائل.... وزارت محنت وسماجی فروغ نے کہا ہے کہ یکم محرم 1439ھ کو حائل کے تمام شاپنگ مالز کی سعودائزیشن کی جائے گی۔ گورنر حائل شہزادہ عبد العزیز بن سعد بن عبد العزیز نے منظوری دیدی ہے۔ سبق ویب سائٹ میں شائع ہونے والی تفصیلات کے مطابق حائل چیمبر آف کامرس میں منعقد ہونیوالی کانفرنس میں وزیر محنت ڈاکٹر علی بن ناصر الغفیص نے کہا ہے کہ حائل کے شاپنگ مالز میں کام کرنے کے خواہشمند نوجوان اور خواتین خود کو رجسٹرڈ کروائیں تاکہ ان کی مناسب تربیت کی جاسکے۔ حائل ریجن کے تمام شاپنگ مالز میں نئے ہجری سال سے غیر ملکیوں کی ملازمت پر مکمل پابندی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ وزارت محنت شاپنگ مالز کی سعودائزیشن کے تجربے کا آغاز حائل سے کرنا چاہتی ہے۔ اس کے لئے وزارت محنت اور حائل گورنریٹ کی مشترکہ ٹیم تشکیل دی گئی ہے جس نے تمام پہلوﺅں کا جائزہ لے کر فیصلہ کیا ہے کہ نئے ہجری سال سے شاپنگ مالز کی سعودائزیشن ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ مشترکہ ٹیم ریجن کے شاپنگ مالز کا دورہ کرکے تمام دکانوں کا سروے کرے گی اور طلب کے مطابق نوجوانوں کی رسد فراہم کرے گی۔ وزیر محنت نے کہا کہ حائل کے ساتھ قصیم ریجن میں بھی شاپنگ مالز کی سعودائزیشن کا فیصلہ ہوچکا ہے۔ وہاں بھی نئے ہجری سال سے سعودی نوجوانوں کو بھرتی کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وزارت کے فیصلے کے مطابق شاپنگ مالز میں کام کرنے والی خواتین کو متعدد سہولتوں کے علاوہ ٹرانسپورٹ اور بچوں کے لئے نرسری دی جائے گی۔ شاپنگ مالز میں کاروبار کے خواہشمندوں کو حکومت قرضے بھی فراہم کرے گی۔

شیئر: