کویت کے ہسپتالوں میں غیرملکیوں پر نئی میڈیسن فیس عائد
کویت کے ہسپتالوں میں غیرملکیوں پر نئی میڈیسن فیس عائد
پیر 19 دسمبر 2022 18:44
دواوں کی فراہمی پر پانچ اور دس دینار وصول کیے جائیں گے( فوٹو کویت ٹائمز)
کویتی وزارت صحت نے عوامی کلینکس اور ہسپتالوں میں مقیم غیر ملکیوں سے دواؤں کی نئی فیس وصول کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ہسپتالوں، ایمرجنسی وارڈز اور اوپی ڈی سے صحت خدمات حاصل کرنے والے غیر مکیوں سے دواؤں پر فیس وصول کی جائے گی۔
اخبار 24 کے مطابق کویتی وزارت صحت ڈاکٹر احمد العوضی نے ہیلتھ انشورنس سسٹم میں رجسٹرڈ غیرملکی مریضوں سے دواؤں کی فیس وصول کرنے کا حکم نامہ جاری کیا ہے۔
کویتی وزیر صحت نے یہ فیصلہ صحت خدمات کا معیار بلند کرنے، دواؤں کا ضیاع روکنے اور دواؤں کیقلت پر قابو پانے کےلیے کیا ہے۔
ڈاکٹر احمد العوضی نے حکم نامہ میں کہا کہ’ ابتدائی صحت نگہداشت کے کسی بھی مرکز کی فارمیسی سے تارکین وطن کو دواوں کی فراہمی پر پانچ دینار وصول کیے جائیں گے’۔
’شعبہ ایمرجینسی میں ہسپتالوں کی فارمیسی سے تارکین وطن کو دوا فراہم کیے جانے پر پانچ دینار وصول کیے جائیں گے۔ او پی ڈی فارمیسی سے دوائیں حاصل کرنے کی صورت میں 10 دینار لیے جائیں گے‘۔
کویتی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ ’نئی فیس کے علاوہ ابتدائی صحت نگہداشت مرکز سے رجوع کرنے پر صحت معائنہ فیس دو دینار وصول کی جائے گی۔ ہسپتال میں ایمرجینسی یا او پی ڈی سے رجوع کرنے پر صحت معائنہ فیس دس دینار حاصل کیے جائیں گے‘۔
واضح رہے کہ کویت میں غیر ملکیوں کی تعداد 3.4 ملین ہے۔