Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’مودی کے لیے گجرات کے قصائی کی اصطلاح میری ایجاد نہیں‘

پاکستانی وزیر خارجہ ان دنوں امریکہ کے دورے پر ہیں (فوٹو: ٹوئٹر، بلاول بھٹو زرداری)
پاکستانی وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے انڈین وزیراعظم نریندر مودی کو ’گجرات کا قصائی‘ پکارے جانے کے بعد بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے رہنما نے ان کے سر کی قیمت مقرر کر دی ہے۔
منگل کو انڈین میڈیا کی رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ ’بی جے پی رہنما نے پاکستانی وزیرخارجہ کے بیان کے ردعمل میں ان کے سر کی قیمت مقرر کی ہے۔‘
بی جے پی کے رہنما منوپال بنسل کا کہنا تھا کہ ’نریندر مودی سے متعلق توہین آمیز زبان استعمال کی گئی۔ اس پر میری طرف سے پارٹی قیادت کی میٹنگ میں اعلان کیا گیا ہے کہ جو بلاول بھٹو کا سر تن سے جدا کرے گا میں اسے دو کروڑ روپے انعام دوں گا۔‘
پاکستانی وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری بھی امریکی ٹیلی ویژن بلومبرگ سے گفتگو کرتے ہوئے اس معاملے کی تصدیق کر چکے ہیں۔
انڈین حکمراں جماعت بی جے پی کی جانب سے سر کی قیمت مقرر کیے جانے پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ وہ ’ایک تاریخی حقیقت کی نشاندہی کر رہے تھے۔‘
انڈین وزیراعظم کو ’گجرات کا قصائی‘ کہے جانے کا پس منظر بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’یہ اصطلاح میں نے ایجاد نہیں کی بلکہ گجرات میں ہنگاموں کے بعد انڈین مسلمانوں نے مودی کو اس نام سے پکارا تھا۔‘
’میں ایک تاریخی سچائی کی نشاندہی کر رہا تھا جب کہ وہ اسے ذاتی توہین سمجھ رہے ہیں۔ اگر میں غلط ہوتا تو دو روز قبل میرے بیان کے بعد مودی کی جماعت کے رہنما میرے سر کی قیمت دو کروڑ روپے مقرر نہ کرتے۔‘
انہوں نے اپنی گفتگو میں مزید کہا کہ ’مودی کے گجرات کا قصائی ہونے کی حقیقت کو جھٹلانے کے لیے اس انتہا تک جانا ٹھیک عمل نہیں ہے۔‘

شیئر: