ارجنٹائن میں پاکستان پارک کہاں واقع ہے؟
منگل 20 دسمبر 2022 10:49
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
ارجنٹائن پارک اسلام آباد کے علاقے جی سکس میں واقع ہے۔ (فائل فوٹو: ٹوئٹر/اسلام آبادین)
ارجنٹائن کی ٹیم نے اتوار کو فیفا ورلڈ کپ کے فائنل میں فرانس کو شکست دے کر ورلڈ چیمپئن کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا تھا اور اس جیت کے بعد دنیا کے بیشتر ممالک کی طرح پاکستان میں بھی ارجنٹائن فٹ بال ٹیم کے پرستاروں نے جشن منایا تھا۔
ارجنٹائن فٹ بال ٹیم کی مقبولیت میں ان کے کپتان لیونل میسی کا بہت بڑا ہاتھ ہے جو کہ دنیا بھر میں فٹ بال شائقین کے پسندیدہ کھلاڑی ہیں لیکن پاکستان میں ارجنٹائن کے لیے دوستانہ جذبات کی تاریخ دہائیوں پرانی ہے۔
دونوں ممالک کے درمیان اچھے تعلقات کا اندازہ اس بات سے لگائیں کہ ارجنٹائن کے دارالحکومت بیونس آئرس کے علاقے پلیرمو میں ایک بہت بڑا پارک واقع ہے جس پر ’پلازہ ریپبلکا ڈی پاکستان‘ کا بورڈ لگا ہوا ہے۔
اس پارک کو 1970 کی دہائی میں پاکستان اور ارجنٹائن کی دوستی کی نشانی کے طور پر بنایا گیا تھا اور پارک میں لگائی گئی ایک تختی پر پاکستان کے قومی شاعر علامہ محمد اقبال کا ایک قول بھی درج ہے۔
انسٹاگرام اکاؤنٹ ’براؤن ہسٹری‘ کے مطابق پارک میں لگی تختی پر علامہ اقبال کے الفاظ ہسپانوی اور فارسی زبان میں لکھے گئے ہیں جس کے معنی ہیں کہ ’یہ انسانیت کے لیے ہماری محبت ہے جو ہمیں انسان بناتی ہے اور کائنات کو ممتاز بناتی ہے۔‘
اس پارک میں پاکستان اور ارجنٹائن کے قومی درخت دیودار اور سیبا لگائے گئے ہیں۔ 1970 کی دہائی میں بنائے گئے اس پارک کو 2012 میں ری ڈیزائن کیا گیا تھا۔
اگر پاکستان کے نام سے ایک پارک ارجنٹائن کے دارالحکومت میں موجود ہے تو ارجنٹائن کے نام سے ایک پارک پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں بھی موجود ہے۔
پاکستان نے بھی 1970 کی دہائی میں ہی اسلام آباد کے سیکٹر جی سکس میں ایک چھوٹا سے پارک بنایا تھا اور اسے ’ارجنٹینا پارک‘ کا نام دیا تھا۔ یہ پارک آج بھی موجود ہے اور اسے دونوں ممالک کے درمیان دوستی کی نشانی سمجھا جاتا ہے۔