خوبصورتی کو مدنظر رکھتے ہوئے 90 فیصد مصنوعات ہاتھ سے تیار ہوتی ہیں۔ فوٹو عرب نیوز
سعودی عرب کی تاریخ، ورثے اور روایات سے متاثر ہو کرسعودی ڈیزائن کمپنیاں عرب ثقافت سے جڑی ہوئی مصنوعات تیزی سے تیار کر رہی ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق جدہ میں قائم سامودا کمپنی کا مقصد منفرد تحائف اور یادگاری اشیاء کو ڈیزائن کرکے مقامی فن کو فروغ دینا ہے جس میں ملک کے بڑے پیمانے پرتاریخی دریافت شامل ہے۔
سامودا برانڈ کا نام القصیم ریجن کے ایک گاؤں کے نام پر رکھا گیا ہے جس میں لیوینڈر کے پھولوں کے ساتھ اس علاقے کی شاندار عکاسی کی گئی ہے۔
برانڈ کے ایک رکن نے بتایا ہے کہ یہ ایک ایسا علاقہ ہے جو موسم بہار میں لیوینڈر کے پھولوں کے بنفشی رنگوں کے خوبصورت مناظر میں تبدیل ہو جاتا ہے۔
سامودا کا علاقہ سفید اونٹوں کی چراہ گاہ کے طور پر بھی مشہور ہے، یہ ایک ایسی جگہ بھی ہے جہاں بہت سے سیاح ان نظاروں سے لطف اندوز ہونے کے لیے کیمپنگ بھی کرتے ہیں۔
2020 میں قائم ہونے والے اس برانڈ نے اپنی مصنوعات میں سعودی مناظر اور ورثے کو اپنی مصنوعات میں اجاگر کیا ہے، جن میں العلاء کی چٹانوں کی شبیہ، القط العسیری کا عربی فن، تاریخی درعیہ اور رجال الما کے قدیم تعمیراتی عجائبات شامل ہیں۔
اس میں طائف کے گلاب کے فارم، سمندری حیات اور بحیرہ احمر میں مرجان کی چٹانیں، عرب چیتے کی خوبصورتی، سعودی کافی اور حجاز کے قدیم دروازے بھی متاثر کن ڈیزائن میں ہیں۔
سامودا کی مصنوعات میں قمیضیں، ٹوپیاں، ٹائیاں اور سکارف کے علاوہ لکڑی کے بنے ڈبے اور ٹرے اور جیگس پزل شامل ہیں۔ برانڈ کی منفرد مصنوعات کی قیمتیں150ریال سے شروع ہو کر25 ہزار ریال تک جاتی ہیں۔ اس کے ساتھ خالص ریشم سے تیارکردہ چادریں سب سے زیادہ قیمتی اشیاء میں شامل ہیں۔
اس برانڈ کی تمام مصنوعات سعودی عرب میں ہی ڈیزائن کی جاتی ہیں جب کہ تیار یورپ میں ہوتی ہیں۔
اس کے علاوہ سعودی جیولری برانڈ شارملینا کے پاس مقامی ثقافت، اسلامی فن تعمیر، سعودی عرب کے قومی علامت کی عکاسی کرنے والے منفرد قسم کے زیور موجود ہیں۔
جدہ میں قائم اس برانڈ کا آغاز دو سعودی بہنوں لینا اور ہالا الخریجی نے کیا تھا جو کہ ایک تخلیقی ڈیزائن ڈائریکٹر اور دوسری اس برانڈ کی منیجنگ ڈائریکٹر ہیں۔
لینا الخریجی نے بتایا ہے کہ ہمارے ڈیزائن کردہ زیورات ہاتھ سے بنائے جاتے ہیں اور اس کا خاص مقصد خواتین میں انفرادیت کے ساتھ خوبصورتی کا احساس پیدا کرنا ہے۔
مشرقی ریجن الخبر میں ایک اور مقامی برانڈ ڈیزرٹ ڈیزائن سعودی ٹچ کے ساتھ اپنی تیارکردہ مصنوعات پیش کررہا ہے۔
اس برانڈ کی بنیاد 1990میں قمراورفرید بخاری نےاپنے گھر میں رکھی تھی جہاں فنکارانہ صلاحیتوں کو ابھارنے اور کام کی خوبصورتی کو فروغ دینے کے لیے90 فیصد مصنوعات ہاتھ سے تیار ہوتی ہیں جن میں قالین، دروازے، صوفے، خاص ڈیزائن کی گئی میزیں اور مختلف اشیا شامل ہیں۔
فرید بخاری کا کہنا ہے کہ ہم نے سعودی ورثے کے پہلو کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنے ہاں موجود فرنیچر ڈیزائن کیا ہے۔
یہ برانڈ فراموش شدہ فنون کو زندہ رکھنے کے لیے دستکاروں کو اس طرح کی مصنوعات تیار کرنے کی ترغیب دیتا ہے اور ہم اپنے ہاں آنے والوں کو اس فرنیچر کی انفرادیت سے آگاہ کرتے ہیں۔