جدہ میں بارش، 3800 سے زیادہ اہلکار انتظامات کے لیے تعینات
جمعرات 22 دسمبر 2022 19:54
کوشش ہوگی کہیں بھی ٹریفک کی روانی متاثر نہ ہو۔ (فوٹو جدہ میونسپلٹی ٹوئٹر)
جدہ میں جمعرات کی شام بارش کا سلسلہ دوبارہ شروع ہوگیا۔ وقفے وقفے سے مختلف مقامات پر بوندا باندی اور کہیں درمیانے درجے کی بارش ہورہی ہے۔ موسمیات کے قومی مرکز کی توقعات کے مطابق اس کا سلسلہ جمعہ کی شام تک جاری رہے گا۔
اخبار 24 اور عاجل ویب سائٹس کے مطابق جدہ میونسپلٹی نے بارش سے پیدا ہونے والی صورتحال سے نمٹنے اور شہر کے نشیبی مقامات پر جمع ہونے والے پانی کو صاف کرنے کے لیے تمام ضروری انتظامات کیے ہیں۔
میونسپلٹی کا کہنا ہے کہ موسمیات کے قومی مرکز اور قدرتی آفات و بحرانوں کے نگراں مرکز کی جانب سے بارش کی پیشگوئی کے بعد تمام ضروری انتظامات مکمل کرلیےگئے۔
میونسپلٹی نے بتایا کہ 3800 سے زیادہ اہلکار 1490 مشینوں اور پانی کھینچنے والے آلات کے ساتھ موجود ہیں۔ فیلڈ ٹیمیں بارش کے دوران جہاں بھی پانی جمع ہوگا اسے صاف کرتی رہیں گی۔
جدہ میونسپلٹی کا کہنا ہے کہ کوشش ہوگی کہ کہیں بھی ٹریفک کی روانی متاثر نہ ہو۔
واضح رہے کہ جدہ میں بارش کا سلسلہ جمعرات کی صبح سے شروع ہوا تھا۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں