سیلابی ریلے میں کئی گاڑیاں بہہ گئیں، الھدا روڈ بندش کے بعد کھول دی گئی
سیلابی ریلے میں کئی گاڑیاں بہہ گئیں، الھدا روڈ بندش کے بعد کھول دی گئی
جمعہ 23 دسمبر 2022 18:53
مکہ اور دیگرعلاقوں میں بارش کی وڈیوز اور تصاویر وائرل ہیں( فوٹو ایس پی اے)
سعودی عرب کے متعدد شہروں میں جمعے کو بارش کی اطلاعات ہیں۔ اس سے قبل گرد آلود تیز ہواؤں کی وجہ سے حد نظر محدود ہوگئی تھی۔
اخبار 24 کے مطابق حدود شمالیہ ریجن کے عرعر شہر، تبوک، مدینہ منورہ، الجوف ریجن کے سکاکا، طائف، مکہ مکرمہ اور جدہ میں بارش کی وڈیوز اور تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہیں۔
جمعے کو مکہ مکرمہ کے کئی محلوں میں بارش کے بعد سیلابی ریلے میں سڑکوں کے کنارے کھڑی متعدد گاڑیاں بہہ گئیں۔
الاخباریہ چینل کے مطابق مکہ مکرمہ گورنریٹ نے بارش کے باعث الھدا روڈ آمد ورفت کےلیےعارضی طور پر بند کیا جسے کھول دیا گیا۔
مسجد الحرام کےعہدیدار فایز الحارثی نے بتایا کہ’ جمعے کو بارش کے دوران کوئی زائر زخمی نہیں ہوا۔ انتظامیہ نے بارش کے مسائل سے نمٹنے کے لیے ہنگامی اقدامات کیے جو موثر ثابت ہوئے‘۔
یاد رہے کہ جمعے کی صبح مسجد الحرام میں بارش کا سلسلہ اس وقت شروع ہوا تھا جب زائرین طواف میں مصروف تھے۔ موسمیات کے قومی مرکز نے پیشگوئی کی تھی کہ جمعے کو گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ بارش اور ژالہ باری کا امکان ہے۔
مسجد الحرام میں جمعے کی صبح بارش کا سلسلہ شروع ہوا تھا( فوٹو ایس پی اے)
مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ، تبوک، باحہ، حدود شمالیہ، الجوف، قصیم، ریاض اور الشرقیہ ریجنوں میں مختلف مقامات بارش کی زد میں ہوں گے۔
محکمہ شہری دفاع نے عوام سے پھر کہا ہے کہ’ وہ وادیوں سے دور رہیںِ، برساتی نالوں کے قریب نہ جائیں۔ متعدد علاقوں میں بارش کی وجہ سے سیلاب کے خطرات ہیں‘۔