کنگ عبدالعزیز پورٹ پر پہلا لاجسٹک پارک اور برآمدی زون بنانے کا معاہدہ
ایک سال میں تین لاکھ کنٹینرز کو سنبھالنے کی صلاحیت ہو گی(فوٹو ایس پی اے)
سعودی پورٹس اتھارٹی (موانی) اور میڈیٹرینیئن شپنگ کمپنی کی لاجسٹک آرم میڈ لاگ نے دمام میں کنگ عبدالعزیز پورٹ پر پہلا مربوط لاجسٹک پارک اور دوبارہ برآمدی زون بنانے کے معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔
سعودی خبر رساں ادارے ایس پی اے کے مطابق یہ معاہدہ 100 ملین ریال سے زیادہ مالیت کے موانی کے قومی دوبارہ برآمدی لاجسٹک مراکز کی تعداد کو 30 تک بڑھانے اور2030 تک مملکت کے لاجسٹک پرفارمنس انڈیکس کو4.01 تک بڑھانے کے اہداف کو حاصل کرنے میں مدد کرے گا۔
یہ ڈویلمپنٹ ایک لاکھ مربع میٹر پر محیط ہو گی اوراس میں ایک سال میں تین لاکھ کنٹینرز کو سنبھالنے کی صلاحیت ہو گی جس سے پورے ملک میں نقل و حمل کو ہموار کیا جائے گا۔
جبیل انڈسٹریل سٹی اور مشرقی سعودی عرب میں دوسرے بڑے مراکز کے قریب اس کا مقام بندرگاہ کو ایک مسابقتی فائدہ دے گا جس سے اس کے لاجسٹک آپریشنز میں بہتری آئے گی۔
معاہدے پر سعودی وزیر ٹرانسپورٹ صالح بن ناصر الجاسر، ان کے نائب ڈاکٹر رومیح الرمیح، موانی کے صدر عمر بن طلال حریری اور آرم میڈلاگ کے چیف ایگزیکٹو آفیسرہشام الانصاری کی موجودگی میں دستخط کیے گئے۔
مملکت کے بحری نقل و حمل کے شعبے کے بنیادی ڈویلپرموانی نے پچھلے دو سالوں کے دوران مقامی اور بینالاقوامی شراکت داروں کے ساتھ 2 بلین ریال سے زیادہکی سرمایہ کاری کے ساتھ چھ مربوط لاجسٹک پارکس کے قیام کے لیے سٹریٹجک معاہدے کیے ہیں جس سے کم از کم چھ ہزار براہ راست اور بالواسطہ ملازمتیں پیدا ہوئی ہیں۔