سلور سپرٹ ضبا سے ایندھن لے کر ابحر کا سفر شروع کرے گا (فوٹو العربیہ)
سعودی بندرگاہ ضبا پر پہلا لگژری کروز’سلور سپرٹ‘ لنگر انداز ہوا ہے۔
العربیہ نیٹ کے مطابق سلور سپرٹ ضبا سے ایندھن لے کر ابحر کا سفر شروع کرے گا جہاں اس سال سعودی سمر سیزن ’تنفس‘ (کھلی فضاؤں میں سانس لیں) کے عنوان سے لگژری کروز کے ذریعے سمندری سیاحت کا منفرد پروگرام کیا جارہا ہے۔
لگژری کروز سمندری سیر سپاٹےکے پروگرام کی شروعات رابغ میں کنگ عبداللہ اکنامک سٹی کے ماتحت کنگ عبداللہ سی پورٹ سے کرے گا۔ یہ ینبع کمرشل سی پورٹ سے گزرتے ہوئے نیوم کے علاقےمیں سندالا جزیرے جائے گا۔
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق سی پورٹس پبلک اتھارٹی (موانی) اس پروگرام کو کامیاب بنانے کے لیے تمام لاجسٹک سہو لتیں اور آپریشنل انتظامات کررہی ہے۔
یاد رہے کہ سعودی محکمہ سیاحت نے کہا تھا لگژری کروز کا پہلا ٹور جمعرات 27 اگست سے شروع ہوگا- کروز شاہ عبداللہ بندرگاہ سے نیوم جائے گا اوربحیرہ احمر کے جزیروں، ساحلوں سے ہوتا ہوا کنگ عبداللہ بندرگاہ پر واپس پہنچے گا۔
لگژری کروز میں مختلف بین الاقوامی ریستوران اور 8 درجے کے سویٹ ہیں- لگژری کروز سے سفر سے 72 گھنٹے قبل تمام مسافروں کا کرونا ٹیسٹ لیا جائے گا-