Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کے قافلے پر حملہ، چار اہلکار ہلاک

ایس ایچ او تربت محمد جان بلوچ نے حملے میں چار ہلاکتوں کی تصدیق کی۔ فائل فوٹو: آئی ایس پی آر
بلوچستان کے ضلع کیچ میں سکیورٹی فورسز کے قافلے پر حملے میں چار اہلکار ہلاک اور ایک زخمی ہو گیا۔ 
پولیس کے مطابق حملہ جمعے اور سنیچر کی درمیانی شب کیچ کے ضلعی ہیڈ کوارٹر تربت میں پولیس تھانہ سٹی کی حدود میں گوکدان کے مقام پر کیا گیا۔ 
سکیورٹی فورسز کا دو گاڑیوں پر مشتمل قافلہ ایف سی ہیڈ کوارٹر سے ڈی بلوچ کے علاقے کی طرف جا رہا تھا۔ 
راستے میں ایک سپیڈ بریکر کے قریب گھات لگائے نامعلوم حملہ آوروں نے فورسز کی گاڑیوں پر اندھا دھند فائرنگ کی۔ فورسز نے جوابی فائرنگ کی۔
ایس ایچ او تربت محمد جان بلوچ نے اردو نیوز کے نامہ نگار زین الدین احمد سے بات کرتے ہوئے حملے میں چار ہلاکتوں کی تصدیق کی تاہم انہوں نے مزید تفصیل نہیں بتائی اور کہا کہ واقعہ کی تفتیش سی ٹی ڈی پولیس کر رہی ہے۔
پولیس کے کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کے ایک سینیئر اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ مرنے والوں میں کشمیر کے ضلع سدھنوتی کا ایک صوبیدار بھی شامل ہے-
حملہ آوروں کا نشانہ بننے والے باقی اہلکاروں کا تعلق خیبر پختونخوا کے ضلع لکی مروت اور ہری پور سے تھا۔
سینیئر اہلکار نے بتایا کہ واقعہ میں ایک اہلکار زخمی بھی ہوا جس کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔

شیئر: