مملکت میں جمعرات سے منگل تک کون سے علاقے بارش کی زد میں رہیں گے
بارش کے ساتھ گرد آلود ہوائیں چلیں گی، حد نظر محدود ہوجائے گی( فوٹو ایس پی اے)
سعودی عرب میں موسمیات کے قومی مرکز نے خبردار کیا ہے کہ’ جمعرات 29 دسمبر سے آئندہ منگل تک مملکت کے بیشترعلاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے‘۔
اخبار 24 اورعکاظ کے مطابق قومی مرکز نے بیان میں کہا کہ ’جمعرات کی شام بارش کی شروعات ہوگی۔ جمعہ اور سنیچر کو مکہ مکرمہ، باحہ اورعسیر ریجنوں کی متعدد کمشنریوں میں شدید بارش کا امکان ہے‘۔
قومی مرکز کا کہنا ہے کہ ’جمعہ اور سنیچر کو مدینہ منورہ، قصیم اور ریاض ریجنوں کی کئی کمشنریوں میں تیز بارش ہوگی۔ جمعہ اور سنیچر کو الشرقیہ، جازان اور نجران کی متعدد کمشنریوں میں درمیانے درجے کی بارش کا امکان ہے‘۔
قومی مرکز کا کہنا ہے کہ ان علاقوں میں بارش کے ساتھ گرد آلود ہوائیں چلیں گی۔ حد نظر محدود ہوجائے گی۔ بارش کےباعث سیلابی صورتحال کا بھی خدشہ ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ ’آئندہ اتوار سے منگل تک مدینہ منورہ، الشرقیہ، حدود شمالیہ، الجوف، حائل اور تبوک ریجنوں کی کئی کمشنریوں میں بھی بارش ہوگی‘۔
’ بارش کے ساتھ ژالہ باری بھی متوقع ہے۔ گرد آلود ہوائیں چلیں گی۔ حد نظر محدود ہوگی اور سیلاب صورتحال کا خدشہ ہے‘۔