جدہ میں طوفانی بارش ، نظام زندگی جزوی متاثر
شہری دفاع کی جانب سے موبائل پرہائی الرٹ جاری کیا گیا(فوٹو، ٹوئٹر)
جمعرات کی شب جدہ سمیت مختلف علاقوں میں طوفانی بارش سے نظام زندگی جزوی طورہرمتاثر ہوگیا۔ رات گئے تک جاری رہنے والی بارش سے متعدد سڑکیں زیر آب آگئیں جبکہ بعض انڈ پاسز میں پانی بھر جانے کی وجہ سے انتظامیہ نے انہیں بند کردیا۔ اچانک شروع ہونے والی موسلا دھاربارش کے باعث شاہراہوں پرٹریفک جام ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق جمعرات 29 دسمبر کو رات 10 بجے سے شروع ہونے والی بارش کا سلسلہ رات گئے تک جاری رہا۔ وقفے وقفے سے ہونے والی بارش کے حوالے سے شہری دفاع کی جانب سے لوگوں کے موبائل فونز پرانتباہی پیغامات ارسال کیے جاتے رہے۔
شہری دفاع سمیت دیگر اداروں کے اہلکارنشیبی علاقوں اورانڈرپاسز پرڈیوٹی دیتے رہے۔ بلدیہ کی جانب سے بھی شہر میں نکاسی آب کےلیے خصوصی انتظامات کیے گئے تاکہ شہر کے متاثرہ مقامات پرٹریفک کی روانی کو بحال کیاجاسکے۔
بعض شاہراہیں زیر آب آنے کی وجہ سے متعدد گاڑیاں پانی میں پھنس گئیں جس کی وجہ سے لوگوں کو شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔
محکمہ موسمیات کی جانب سے جدہ سمیت متعدد علاقوں میں جمعرات کی شب متوقع بارش کی اطلاع دی گئی تھی جس کے فوری بعد شہری دفاع اوربلدیہ کی جانب سے حفاظتی اقدامات کے تحت نشیبی شاہراہوں اور انڈرپاسز پرخصوصی یونٹس تعینات کردیئے۔
شہری دفاع کی جانب سے احتیاطی اقدامات کے پیش نظرانڈرپاسز کے باہر خصوصی کشتیاں بھی کھڑی کی گئی تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں انہیں استعمال کیاجاسکے۔
دریں اثنا سعودی خبررساں ایجنس ‘ایس پی اے’ نے قومی مرکز برائے موسمیات کے حوالے سے کہا ہے کہ جدہ اور بحرہ میں جمعرات کی شب ہونے والی بارش کا سلسلہ جمعہ تک جاری رہنے کاامکان ہے۔
موسمیات کے قومی مرکز کا مزید کہنا ہے کہ شاہراہوں پرسفرکرنے والے خصوصی احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ سیلابی ریلے کی گزرگاہوں میں قیام کرنے سے گریز کریں۔
دوسری جانب شہری دفاع نے بھی بارش کے حوالےسے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت جاری کی ہے۔ شہری دفاع کی جانب سے لوگوں کے موبائل پرانگلش اورعربی میں انتباہی پیغامات کا سلسلہ شروع کیا گیا جس میں کہا گیا تھا کہ طوفانی بارش کے پیش نذر خصوصی احتیاطی تدابیر اختیار کریں اشد ضرورت کے علاوہ گھروں سے باہرنہ نکلیں۔ انتباہی پیغامات کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہا۔
دری اثنا سول ایوی ایشن کی جانب سےجاری بیان میں کہا گیا ہے کہ موسمی حالات کے پیش نذر بعض پروازوں کی روانگی میں تاخیر کی گئی ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ جن پروازوں کی روانگی حالات کی وجہ سے متاثر ہوئی ہے ان کے مسافراپنی ایئرلائن سے رابطہ کریں۔