Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مکہ ریجن سمیت مملکت کے کئی علاقے اتوار سے بارش کی زد میں

الجوف و شمالی حدود کے بعض علاقوں میں برف باری کی بھی توقع ہے(فوٹو ایس پی اے)
سعودی عرب میں قومی مرکز برائے موسمیات کی جانب سے جاری رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ’ اتوار سے آئندہ جمعے تک مملکت کے متعدد علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے‘۔ 
 بیان میں کہا گیا کہ’ مکہ مکرمہ ریجن میں جدہ اور رابغ سمیت متعدد علاقوں، الباحہ، قصیم ، مدینہ منورہ، الجوف، حائل اور ریاض کے بعض علاقوں میں بارش کی توقع ہے‘۔
قومی مرکز کا کہنا ہے کہ ’رواں ہفتے منگل اور بدھ کو تبوک کے بالائی علاقے اورالجوف و شمالی حدود کے بعض علاقوں میں برف باری کی بھی توقع ہے‘۔ 
ایس پی اے کے مطابق محکمہ شہری دفاع  نے اتوار سے شروع ہونے والی بارش کے پیش نظر شہریوں اورغیرملکیوں سے احتیاط کی اپیل کی ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ’ مکہ ریجن بارش کی زد میں رہے گا۔ مکہ مکرمہ، جدہ، رابغ، طائف، الجموم، الکامل، بحرہ، خلیص، اللیث، القنفذہ، العرضیات، اضم، مدینہ منورہ، ینبع، وادی الفرح، خیبر، العلا، ریاض ریجن کے بعض علاقےِ، باحہ، قصیم، شرقیہ اور حدود الشمالیہ کے کئی علاقے متاثر ہوں گے۔
 
یاد رہے کہ مکہ مکرمہ، جدہ اور طائف کے ادارہ تعلیم نے موسم کی تبدیل ہونے والی صورتحال کے باعث’ اتوار یکم جنوری کو مکہ ریجن، جدہ، طائف، رابغ اور خلیص کے تمام تعلیمی ادارے بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ آن لائن تدریس ہوگی‘۔
 متعلقہ حکام بارش سے متاثرہ علاقوں میں چوبیس گھنٹے چوکس ہیں۔ مقامی  شہریوں اورمقیم غیرملکیوں کو گھروں سے انتہائی ضرورت کے تحت ہی نکلنے کی تنبیہ کررہے ہیں۔ بارش کے دوران ہر ممکن احتیاطی تدابیر کی تاکید کی جا رہی ہے۔

شیئر: