امارات میں 15 جنوری سے 15 مارچ کے دوران سستے ٹکٹوں کی پیشکش
بین الاقوامی پروازوں کے ٹکٹ 1100 درہم تک میں دستیاب ہوں گے(فوٹو امارات الیوم)
متحدہ عرب امارات میں قومی فضائی کمپنیوں اور ٹریولنگ ایجنسیوں نے 15 جنوری سے 15 مارچ 2023 کے دوران سستے ٹکٹوں کی پیشکش کی ہے۔
الامارات الیوم کے مطابق ان تاریخوں کے دوران بین الاقوامی پروازوں کے ٹکٹ 1100 درہم تک میں دستیاب ہوں گے۔ بکنگ شروع کردی گئی ہے سفر 15 جنوری سے 15 مارچ تک کے دوران کیا جاسکے گا۔
ٹریولنگ ایجنسیوں کے عہدیداروں کا کہنا ہے کہ’ یہ پیشکش معروف سیاحتی مقامات پر تعطیلات گزارنے والوں کے لیے ہے اور سیاحت کی حوصلہ افزائی کے لیے کی جارہی ہے‘۔
ٹریولنگ ایجنسیوں کے عہدیداروں کا کہنا ہے کہ ’ان دنوں فضائی ٹکٹوں کے نرخوں میں کمی معمول کے مطابق ہے۔ دسمبر 2022 کے دوران ٹکٹ مہنگے تھے‘۔
ٹریولنگ ایجنسیوں نے مشورہ دیا کہ جو لوگ اس پیشکش سے فائدہ اٹھانا چاہتے ہوں وہ جلد بکنگ کرالیں۔
فضائی کمپنیاں جن ملکوں اور شہروں کے لیے سستے ٹکٹ جاری کررہی ہیں ان میں دو سعودی شہر جدہ اور دمام شامل ہیں۔ مصری دارالحکومت قاہرہ، اردن کا عمان، مالدیپ، آسٹریا اور ماریشس وغیرہ کے لیے بھی سستے ٹکٹ دستیاب ہیں۔