Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

تعطیلات اور نئے سال کی آمد، دبئی میں سونے کی خریداری بڑھنے لگی

آنے والے دنوں میں سونے کی خریداری بڑھنے کا امکان ہے۔ (فوٹو الامارات الیوم)
متحدہ عرب امارات میں سونے زیورات اور بسکٹ فروخت کرنے والے تاجروں کا کہنا ہے مارکیٹ میں ان دنوں خریداری کئی ہفتوں بعد زیادہ نظر آرہی ہے۔
تاجروں کا کہنا ہے اس کی دو وجوہ ہیں ایک تو موسم سرما، کرسمس اور نیا سال شروع ہونے جارہا ہے دوسری جانب اس وقت سونے کے نرخ کئی ہفتوں کے مقابلے میں کچھ کم ہیں۔
الامارات الیوم کے مطابق  دبئی میں سونے کے شورومز اور دکانداروں کا کہنا ہے موجودہ تعطیلات کے موسم میں احباب کے لیے تحائف کی خریداری کی جا رہی ہے۔ امید ہے کہ آنے والے دنوں میں اس میں مزید 30 تا 40 فیصد تک اضافہ ہوگا۔
دبئی میں اس ہفتے کے اختتام تک 24 قیراط ایک گرام سونے کے نرخ  3 درہم اضافے کے بعد 318 درھم ہوگئے  جبکہ 22 قیراط ایک گرام کے نرخ ڈھائی درھم بڑھے اور 295.5 درھم تک پہنچ گئے۔21 قیراط ایک گرام کے نرخ 2.25 درھم اضافے کے بعد 285 درھم تک آگئے اسی طرح 18 قیراط ایک گرام کی قیمت 2 درھم اضافے کے بعد 244.25 ہوگئی۔
سونے کے ایک شوروم کے سی ای او نے بتایامارکیٹ میں فی الحال زیورات کی مانگ میں اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے۔ بہت سے لوگ چھٹیوں اور نیا سال منانے کے لیے آئے ہیں اور وہ اس دوران سونے کی کوئی نہ کوئی چیز خرید رہے ہیں۔ ان میں سیاحوں کے علاوہ یہاں کے رہائشی شامل ہیں۔
ایک اور شوروم کے ڈائریکٹر کا کہنا تھا  صارفین ان دنوں خریداری اتنی زیادہ نہیں کررہے ہیں جتنی  ہونی چاہئے کیونکہ وہ سال کے آخری دنوں میں ‘رعایتی پیشکشوں‘ کا انتظار بھی کررہے ہیں لیکن پھر بھی ان دنوں خریداری اچھی ہے۔
سونے کی قیمتوں میں اضافے نے خریداروں کو محدود کردیا ہے مگر موجودہ سیزن میں سونے کی خریداری بڑھی ہے۔ آنے والے دنوں میں اس میں مزید بہتری کا امکان ہے۔
ایک جیولری سٹور کے سیلز مینجر نے کہا بہت سے لوگ تعطیلات کے موسم اور نئے سال کے موقع پر زیورات اپنے لیے اور تحائف دینے کے لیے خریدتے ہیں جس سے فائدہ ہورہا ہے۔
گولڈ شوروم کے مینجر کا کہنا تھا موجودہ طلب نے بڑھنے والی قیمتوں کے اثرات کو ان دنوں محدود کردیا ہے۔ توقع ہے آنے والے دنوں میں سونے کی خریداری میں اضافہ ہوگا۔
 
امارات کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز یو اے ای“ گروپ جوائن کریں
 

شیئر: