Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جازان اور جزائر فرسان سیاحوں کی بھرپور توجہ کا مرکز

خوبصورت مناظر اور معروف قہوے کے لیے سیاح ادھر کا رخ کرتے ہیں۔ فوٹو عرب نیوز
سعودی عرب کا سرسبز علاقہ جازان موسم سرما میں سیاحوں کی توجہ کا مرکز جہاں خوبصورت مناظر اور علاقے کے معروف قہوے سے لطف اندوز ہونے کے لیے سیاح ادھر کا رخ کرتے ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق جازان میں ٹورازم ڈویلپمنٹ کونسل کے انچارج شہزادہ محمد بن ناصر بن عبدالعزیز نے تفریحی صنعت میں توسیع اور سرمایہ کاری کے مواقع  کی تلاش کی منظوری دی ہے۔

یہ علاقہ خاص تعمیراتی انداز اور ثقافتی ورثے کی وجہ سے مقبول ہے۔ فوٹو انسٹاگرام

اس ریجن میں جازان سٹی ٹریک اور جزائر فارسان ٹریک کو سیاحوں کے پیدل سفر کے لیے کھولا گیا ہے اور ہیریٹیج ولیج سیاحوں کی توجہ کا ایک اہم مقام ہے۔
یہاں ثقافتی گاؤں کے ڈائریکٹر محمد علی نے بتایا ہے کہ یہ علاقہ خاص تعمیراتی انداز اور ثقافتی ورثے کی وجہ سے مقبول ہے۔
پتھر اورگارے سے بنی کئی قدیم  عمارتیں یہاں موجود  ہیں جو علاقے میں تاریخی طرز زندگی کی عکاسی  کرتی ہیں۔
محمد علی نے بتایا ہے کہ جازان کے علاقے نے عالمی سطح پر ثقافت کے لحاظ سے سیاحت میں ترقی کے ہر شعبے میں اپنا تعارف کرایا ہے۔

یہاں عود اور بخور کےعطریات بھی سیاحوں کو پسند آتے ہیں۔ فوٹو عرب نیوز

یہاں کے پہاڑوں میں ماڈل باغات ہیں جہاں کافی کی کاشت کی جاتی ہے، کافی کی اس پیداوار کو عالمی ادارے یونیسکو نے دنیا کی بہترین مصنوعات میں سے ایک قرار دیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ یہاں موجود سات ہزار ایکڑ رقبے پر پھیلا ثقافتی گاؤں، تہامہ کا علاقہ، سمندری ماحول اور علاقے کے رسم و رواج اور دیگر روایات کو سیاحوں کی توجہ کے لیے ایک جگہ اکٹھا کیا گیا ہے۔
مقامی رہائشی خاتون حمودہ حسین گاؤں کے بازار میں روایتی مصنوعات فروخت کرنے والی متعدد خواتین میں سے ایک ہیں۔

بہار کے موسم اور قومی دنوں کے حوالے سے سیاحوں کا رخ زیادہ ہوتا ہے۔ فوٹو عرب نیوز

حمودہ حسین کا کہنا ہے کہ مجھے بچپن سے ہی سلائی، کڑھائی  کا شوق ہے اور میں یہاں مشہور روایتی کپڑے سے تیار کردہ دستکاری کے نمونے فروخت کر رہی ہوں۔
انہوں نے بتایا کہ میں یہاں عود اور  بخور کے عطریات بھی تیار کرتی ہوں جو سیاحوں کو پسند آتے ہیں اور وہ میری مصنوعات خریدتے ہیں۔
حمودہ نے بتایا کہ سعودی عرب کے سرد یوں کے دنوں اور بہار کے موسم کے علاوہ  یوم تاسیس یا کسی قومی دن کے حوالے سے اس طرف سیاحوں کا رجحان زیادہ ہوتا ہے۔
یہاں کی سیاحت پر آنے والے جزائر فرسان کی خوبصورتی سے لطف اندوز ہونے کے لیے فیری سروس کا انتخاب کر سکتے ہیں۔

سیاحوں کو غوطہ خوری اور لذیذ سمندری غذا کا مزہ چکھنے کا موقع ملتا ہے۔ فوٹو انسٹاگرام

جزائر فرسان کے علاقے میں موجود فیری کے کپتان کے اسسٹنٹ یوسف الثینی نے بتایا کہ دنیا بھر سے آنے والے سیاحوں کو یہاں دیکھ کر انہیں خوشی ہوتی ہے۔
یہاں پر سیاحوں کو اپنے پسندیدہ مشاغل غوطہ خوری، ماہی گیری اور مختلف قسم کے کھیلوں جیسے ہائیکنگ اور لذیذ سمندری غذا کا مزہ چکھنے کا موقع ملتا ہے۔
جازان اور جزائر فرسان مختلف انواع کی مچھلیوں اور موتیوں کی تجارت کے لیے بھی مشہور ہیں، دنیا کے کئی ممالک میں یہ مصنوعات برآمد کی جاتی ہیں۔
 
  • خود کو اپ ڈیٹ رکھیں، واٹس ایپ گروپ جوائن کریں

شیئر: