ناٹنگھم شائر.... بھائی بہن اور عزیزو اقارب ہر خوشی اور غم کے موقع پر ساتھ رہیں تو اچھا لگتا ہے مگر بہت سی وجوہ کی بناءپر کبھی کبھار ایسا نہیں ہوپاتاکہ ایک خاندان کے سارے لوگ ایک جگہ جمع ہوجائیں۔ یہاں بھی کچھ ایسا ہی ایک واقعہ پیش آیا جس میں ایک 22سالہ خاتون اپنی علالت کی وجہ سے بہن کی شادی میں شرکت نہیں کرسکی کیونکہ پیچیدہ آپریشن کے بعد اسے انفیکشن ہوگیا تھا۔ بہن ریبیکا الیگزینڈر کو اپنی خوشی کے موقع پر بہن کی کمی شدت سے محسوس ہوئی او روہ شادی کے دفتری تقاضے پورے کرنے کے بعد شادی ہال سے اسپتال پہنچی جہاں اس نے اپنی بیمار بہن کو بہت جذباتی انداز میں پیار کیا اور گلے سے لگایا۔ منظر ایسا تھا کہ دیکھنے والے بھی آبدیدہ ہو گئے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ بیمار بہن کو پہلے سے اس حوالے سے کوئی اندازہ نہیں تھا کہ اس کی بہن شادی کی تقریب کے فوری بعد اسے دیکھنے اسپتال پہنچے گی اس لئے اسکی خوشی دوبالا ہوگئی۔ دونوں بہنوں کا جذباتی ملاپ آنسوﺅں اور سسکیوںکے ساتھ چیخ و پکار کا رنگ بھی لئے ہوئے تھا اور لوگ ایک دوسرے کو تسلیاں دے رہے تھے۔ بیمار بہن کا کہناہے کہ اس نے شادی سے قبل اپنی بہن کا یہ عروسی لباس دیکھا تھا اور اسے پسند بھی کیا تھا مگر یہ پہلا موقع تھا کہ اس نے اسے شادی کے لباس میں ملبوس دیکھا تھا جس میں وہ بیحد خوبصورت لگ رہی تھی۔ بیمار بہن کا کہناتھا کہ وہ اسپتال سے فراغت کے بعد بہن کی شادی کے حوالے سے ایک پارٹی ترتیب دے گی۔