Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ریاض میٹرو سے دو ماہ میں ریکارڈ 18 ملین افراد نے سفر کیا

سعودی دارالحکومت میں یکم دسمبر 2024 کو ریاض میٹرو کے آغاز سے اب تک 18 ملین مسافر ریاض میٹرو استعمال کر چکے ہیں۔
ایس پی اے کے مطابق ریاض میٹرو نے اپنے چھ لائن نیٹ ورک کے ذریعے ایک لاکھ 62 ہزار سے زیادہ ٹرپس مکمل کیے ہیں جو تقریبا 4.5 ملین کلو میٹر بنتے ہیں۔
رائل کمیشن فار ریاض سٹی نے بتایا العلیا سٹریٹ کے متوازی شمال جنوب میں چلنے ولی بلیو لائن سب سے زیادہ مقبول رہی اور صرف دو ماہ میں 10 ملین مسافروں کو سروس فراہم کی ہے۔
بلیو لائن العلیا، البطحا کی لمبائی 38 کلو میٹر ہے، یہ لائن ریاض کے کچھ سب سے زیادہ تجارتی طور پر فعال اور گنجان آباد علاقوں سے گزرتی ہے جو اسے مسافروں میں مقبول بناتی ہے۔
کنگ عبدالللہ فنانشل ڈسٹرکٹ سٹیشن کے ذریعے 30 لاکھ سے زیادہ مسافروں کی آمد ورفت ریکارڈ کی گئی۔
ریاض میٹرو کو دارالحکومت کی تیزی سے توسیع اور بڑھتی ہوئی ٹریفک سے نمنٹنے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔
ریاض میٹرو سروس کے لیے ٹکٹ ’درب ‘ ایپ کے ذریعے حاصل کیے جاسکتے ہیں جوسمارٹ فون پر دستیاب ہیں۔
 یاد رہے ریاض میٹرو منصوبے میں 190 انجنوں اور 452 بوگیوں کا فلیٹ شامل ہے، اس کے 6 روٹس ہیں۔ پہلا ٹریک (بلیو لائن) العلیا، البطحا، الحایر جس کی لمبائی 38 کلو میٹر ہے۔ دوسرا ٹریک (ریڈ لائن) اس کا روٹ شاہ عبداللہ روڈ ہے جس کی لمبائی 25.3 کلو میٹر ہے۔
تیسرا ٹریک (اورنج لائن) جو 40.7 کلو میٹر طویل ہے، اس کا روٹ مدینہ منورہ روڈ، شہزادہ سعد بن عبدالرحمن الاول روڈ ہے۔
چوتھا ٹریک (یلو لائن) کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ روڈ کے لیے ہے۔ اس کی لمبائی 29.5 کلو میٹر ہے۔ پانچواں ٹریک (گرین لائن) ہے۔ یہ کنگ عبدالعزیز روڈ کے لیے ہے۔ اس ٹریک کی طوالت 12.9 کلو میٹر ہے۔
چھٹا ٹریک (پرپل لائن) ہے۔ یہ عبدالرحمن بن عوف اور الشیخ حسن بن حسین بن علی روڈ کے لیے مختص ہے، اس کی لمبائی 29.7 کلو میٹر ہے۔

 

شیئر: