Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ممنوعہ فنڈنگ، عمران خان کی عبوری ضمانت میں 31 جنوری تک توسیع

عدالت نے عمران خان سے زمان پارک میں تفتیش کرنے کی استدعا مسترد کر دی (فوٹو: اے ایف پی)
اسلام آباد کی بینکنگ عدالت نے ممنوعہ فنڈنگ کیس میں سابق وزیراعظم عمران خان کی عبوری ضمانت میں 31 جنوری تک توسیع کر دی ہے۔
جمعرات کو بینکنگ کورٹ کی جج رخشندہ شاہین نے ممنوعہ فنڈنگ کیس میں عمران خان کی ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست پر سماعت کی۔
دورانِ سماعت سپیشل پراسیکیوٹر رضوان عباسی نے درخواست ضمانت مسترد کرنے کی استدعا کی۔
انہوں نے موقف اپنایا کہ ‘عمران خان سیاسی معاملات چلا رہے ہیں لیکن عدالت میں پیش نہیں ہو رہے۔‘
عمران خان کے وکیل نے عدالت میں پیشی کے لیے انہیں طبی بنیادوں پر دو ہفتے کی مہلت دینے کی استدعا کرتے ہوئے کہا کہ ایف آئی اے کو تفتیش کرنی ہے تو زمان پارک آسکتے ہیں۔‘
عدالت نے عمران خان کی عبوری ضمانت میں 31 جنوری تک توسیع کر دی۔
بینکنگ کورٹ کی جج رخشندہ شاہین نے عمران خان سے زمان پارک میں تفتیش کرنے کی استدعا مسترد کرتے ہوئے ریمارکس دیے کہ ’کچھ بھی ہو عمران خان ہر حال میں تفتیشی افسر کے روبرو پیش ہوں گے۔‘
واضح رہے کہ 2 اگست کو الیکشن کمیشن آف پاکستان نے اپنے فیصلے میں قرار دیا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف نے ممنوعہ فنڈز حاصل کیے ہیں۔
’پی ٹی آئی نے الیکشن کمیشن سے 16 ایسے اکاؤنٹس چھپائے جو اس کی اعلیٰ قیادت چلا رہی تھی۔ عمران خان کی جانب سے صریحاً غلط تصدیقی سرٹیفکیٹ جمع کرائے گئے۔‘

شیئر: