Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جدہ :سکول کو گودام بنانے والے غیرملکیوں کے خلاف آپریشن

جدہ میونسپلٹی کے انسپکٹرز نے العزیزیہ کے علاقے میں سکول کو گودام اور ریڑھیاں تیار کرنے والے کارخانے میں  تبدیل کرنے والے غیر قانونی تارکین کو گرفتار کرلیا۔ 
سبق ویب سائٹ کے مطابق جدہ میونسپلٹی میں منفی سرگرمیوں کے نگراں ادارے کے ڈائریکٹر جنرل انجینیئر عمرو الدقس نے کہا ہے کہ میونسپلٹی کے انسپکٹرز نے ایک غیر آباد عمارت پر چھاپہ مارا جو کرایے کے سکول کے لیے مختص تھی۔ غیر قانونی تارکین اس عمارت کو غیر قانونی سرگرمیوں کے اڈے کے طور پر استعمال کررہے تھے۔ انہوں نے غیر آباد سکول کی عمارت کو سبزیوں کے  گودام اور ریڑھیوں کے کارخانے میں تبدیل کیا ہوا تھا۔ وہاں سبزیوں کا گودام بھی تھا اور ریڑھیاں بھی تیار کی جاتی تھیں۔ 
الدقس نے بتایا کہ میونسپلٹی کے افسران نے مذکورہ کارروائی اس رپورٹ کے تناظر میں کی جس سے پتہ چلاتھا کہ مبینہ عمارت غیر قانونی سرگرمیوں کا اڈہ بنی ہوئی ہے۔  
افسران نے سبزیاں ضبط کرلیں اور 50 ریڑھیاں قبضے میں لے لیں۔ عمارت کے مالک کے خلاف فائل تیار کرلی گئی۔ 
الدقس نے کہا کہ جدہ میونسپلٹی منفی سرگرمیوں پر نظر رکھے ہوئے ہے۔ عوام سے  اپیل ہے کہ وہ اس سلسلے میں میونسپلٹی سے تعاون کریں۔ کوئی بھی خلاف ورزی مشاہدے اور علم میں آئے تو پہلی فرصت میں  940 پر اس کی رپورٹ کریں۔ 

شیئر: