Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کہہ دیا تھا پی ٹی آئی والے وزیرآباد میں سپاہی، محرر بھی خود ہی لگا لیں: پرویز الٰہی

وزیراعلٰی پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے رہنماؤں کو غیر ذمہ دارانہ بیانات نہیں دینے چاہیے۔
جمعرات کو گوجرانوالہ میڈیکل کالج ٹیچنگ ہسپتال کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے ڈی پی او گجرات کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں پرویز الٰہی نے کہا کہ ’اس پر ہم انکوائری کر رہے ہیں اور جو آئی جی پنجاب ہیں وہ دستیاب نہیں ہیں۔ شہباز شریف نے انہیں امریکہ بھیج دیا ہے اور وہ وہاں جا کر اقوام متحدہ کی سکیورٹی کا انتظام کر رہے ہیں، ان کے پاس یہاں سے ٹیم جائے گی کہ یہ کیوں ہوا ہے، یہ ہمارے لیے بھی لمحہ فکریہ ہے اور ہم چھوڑیں گے نہیں۔‘
’ہم نے تو یہ بھی کہہ دیا تھا کہ پی ٹی آئی والے خود لگا لیں۔ وزیرآباد میں سپاہی وہ لگا لیں، محرر وہ لگا لیں جو مرضی کر لیں، آئی جی بھی انہی کا ہے، ساری حکومت انہی کی ہے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’ویسے میں سمجھتا ہوں کہ پی ٹی آئی کی لیڈرشپ کو ذمہ دارانہ بیانات دینے چاہیے۔ ان کی اپنی حکومت ہے کچھ خدا کا خوف کرو۔ جو کچھ آپ کا حال ہوا تھا 25 (مئی) تاریخ کو، آپ کی زبانیں باہر آئی ہوئی تھیں اور لالے پڑے ہوئے تھے۔‘
’کم از کم اپنے لیڈر عمران خان کی بات کو فالو کرو۔ میں تو وہ جو کہہ رہے ہیں اسی طرح کر رہا ہوں۔ اور یہ کام بزدار کی پہلے حکومت کر لیتی تو آج یہ دن نہ دیکھنے پڑتے۔ اب بڑی مشکل سے پی ٹی آئی کی حکومت اپنے پاؤں پر کھڑی ہوئی ہے۔‘
واضح رہے کہ جمعرات کو ہی پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے خود پر حملے کے حوالے سے کہا تھا کہ ’جب جے آئی ٹی نے ڈی پی او گجرات سے موبائل فون مانگا تو اس نے تعاون سے انکار کر دیا، ہماری حکومت میں ڈی پی او گجرات انکار کر رہا ہے۔‘
پنجاب اسمبلی سے اعتماد کا ووٹ لینے کے حوالے سے چوہدری پرویز الٰہی نے کہا کہ ’گورنر پنجاب سے جو حکم دیا ہے اسے ہم مانتے ہی نہیں ہے، وہ غیرقانونی حکم ہے۔‘
’اگر ہم مان لیں گے تو اس کا مطلب ہو گا کہ ساری کمی ہم میں ہے اور جو گورنر غیرقانونی حکم دے کر کرنا چاہتے ہیں اسے ہم مان لیں۔ یہ نہیں ہو سکتا ہمیں کوئی ضرورت نہیں ہے۔‘

شیئر: