یہ اپنے بھرپور غذائی اجزاء کی وجہ سے جسم کو بھرپور گرمائش اور طاقت فراہم کرتا ہے۔
یہ ڈش سعودیوں کو اپنے آباء و اجداد سے ملنے والی میراث ہے اور سردیوں میں اس کا استعمال لطف کو دوبالا کر دیتا ہے۔
الأحساء کے دلیے میں منفرد کیا ہے؟
کھجوروں کا دلیہ ویسے تو کافی لذیذ ہوتا ہے لیکن الأحساء میں تیار کیا جانے والا دلیہ اپنے ترکیب میں منفرد ہے۔
اسے گندم کے آٹےکے ساتھ تیار کیا جاتا ہے۔ اس میں ناریل کا تیل، الأحساء کی کھجوریں، گُڑ، الائچی اور زعفران کے اجزاء شامل کیے جاتے ہیں۔
اس دلیے کے اندر شامل اجزاء زودہضم اور بہت کم وقت میں جسم کو توانائی فراہم کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ اگر اس میں کالی مرچ کا پاؤڈر بھی ڈال دیا جائے تو اس کی مہک مزید نکھر جاتی ہے۔
سعودی عرب کے مختلف علاقوں میں اس دلیے کی تیاری کا طریقہ مختلف ہے لیکن الأحساء میں تیار ہونے والا ’کھجوروں کا دلیہ‘ سب سے بہترین شمار ہوتا ہے۔
الأحسائی دلیہ ایک روایت کا حصہ
یہ روایت چلی آ رہی ہے کہ لوگ سردیوں میں یہ دلیہ ناشتے کے طور پر استعمال کرتے ہیں۔ خواتین کے مخصوص ایام اور حمل کے دوران بھی یہ ان کی خوراک کا حصہ بنایا جاتا ہے۔ یہ جسم کو توانائی فراہم کرنے کا اہم ذریعہ شمار ہوتا ہے۔
الأحساء کے باشندوں کی منفرد بات یہ ہے کہ وہ سردیوں میں یہ دلیہ زیادہ مقدار میں تیار کر کے اپنے عزیز وقارب اور پڑوسیوں کو بھی پیش کرتے ہیں۔
کھجور کا دلیہ کیسے تیار ہوتا ہے؟
ایک گھریلو خاتون فاطمہ محمد نے بتایا کہ پہلے آٹے کو خمیر دیا جاتا ہے اور دوسرے برتن میں کھجوروں کو پکایا جاتا ہے۔ اس میں ابلا ہوا پانی اور مکھن شامل کرنے کے بعد ہلکی آنچ پر اس وقت تک پکنے دیا جاتا ہے کہ یہ بالکل نرم ہو جائے۔
پھر اسے ٹھنڈا ہونے کے لیے ایک جانب رکھ دیا جاتا ہے۔
اس کے بعد آٹے میں کھجوریں ڈالی جاتی ہیں اور پھر اس آمیزے کو ہلکی آنچ پر اس وقت تک چڑھائے رکھنا ہے کہ آٹا پک جائے۔
انہوں نے بتایا کہ کھجوروں کا دلیہ تیار ہونے کے بعد ایک دائروی پلیٹ میں پیش کیا جاتا ہے اور اس کے درمیان خالی جگہ بنا کر گھی ڈالا جاتا ہے اور اوپر کالی مرچ کا پاؤڈر چھڑک دیتے ہیں۔
الأحسائی دلیہ کیسے مفید ہے؟
یہ دلیہ انسانی جسم کو قدرتی انداز میں طاقت فراہم کرتا ہے۔ اپنے منفرد غذائی اجزاء کی وجہ سے یہ اعصابی نظام کو مضبوط بناتا ہے اور جسم میں پانی کی کمی کو بھی پورا کرتا ہے۔
یہ تھائیرائڈ گلینڈ اور رگوں کی کارگردگی کو بھی بڑھاتا ہے۔ اس میں آئرن کی وافر مقدار ہوتی ہے، اس لیے یہ اینمیا کے مریضوں کے لیے بہت مفید سمجھا جاتا ہے۔
الأحساء کا کجھوروں والا دلیہ وٹامن اے، بی اور سی سے بھرپور ہوتا ہے۔