Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی رائل گارڈز کی گریجویشن تقریب میں عمدہ مہارت کے مظاہرے

تربیتی مشقوں اور دیگر مقابلوں میں حصہ لینے والوں کی کارکردگی کو سراہا گیا۔ فوٹو واس
سعودی رائل گارڈ کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل سہیل بن صقر المطیری کی سرپرستی میں رائل گارڈ پریذیڈنسی نے سیکورٹی کورس کی گریجویشن، سپورٹس لیگ اور شوٹنگ چیمپئن شپ کی اختتامی تقریب منعقد کی۔
سعودی عرب کی سرکاری نیوز ایجنسی واس کے مطابق اختتامی تقریب میں اعلیٰ حکام، رائل گارڈ کے  سینئر افسران اور دیگر اراکین نے شرکت کی۔

تقریب میں مختلف کھیلوں کے مقابلوں اور دیگر مظاہروں کے ساتھ شوٹنگ کی مشقیں اور مارچ پاسٹ پیش کیاگیاجس میں کورس میں حصہ لینے والوں کی مہارت اور تیاری نظر آ رہی تھی۔
تقریب کے اختتام پر سعودی رائل گارڈ کے سربراہ نے کھیلوں کی لیگ اور شوٹنگ چیمپئن شپ میں کامیاب ٹیموں کے ساتھ ساتھ مقابلے میں نمایاں کارکردگی دکھانے والوں کو شیلڈز پیش کیں۔

لیفٹیننٹ جنرل سہیل بن صقر المطیری نے سیکورٹی اور حفاظتی کورسز میں کامیاب ہونے والوں کو بھی اعزاز سے نوازا جو اب شاہی گارڈ فورسز میں شامل ہو چکے ہیں۔
لیفٹیننٹ جنرل سہیل المطیری نے شاہی گارڈز میں شامل جوانوں میں مقابلے،نظم و ضبط اور پیشہ ورانہ مہارت کے جذبے کو فروغ دینے کے لیے مختلف کورسز اور تقریبات کی اہمیت اجاگر کی۔

تربیتی مشقوں اور مختلف دیگر مقابلوں میں حصہ لینے والوں کی کارکردگی کو سراہا گیا۔
یہ تقریب شاہی گارڈ پریذیڈنسی کی اس کوشش کا حصہ ہے جو اہلکاروں کو حفاظتی اقدامات قائم رکھنے کے ساتھ ساتھ کھیلوں کی مہارت بہتر بنانے اور اپنی ذمہ داریاں مؤثر طریقے سے نبھانے اور ہمہ وقت تیار  رہنے کے لیے ہے۔
 

 

شیئر: