’ڈیوٹی فری شاپس میں شراب فروخت کرنے کی اجازت نہیں ہوگی‘
’ڈیوٹی فری شاپس میں شراب فروخت کرنے کی اجازت نہیں ہوگی‘
جمعہ 6 جنوری 2023 18:19
نئے قواعد و ضوابط پر عمل درآمد 30 روز بعد شروع ہوگا (فوٹو اخبار 24)
سعودی زکوۃ، ٹیکس اور کسٹم اتھارٹی نے سعودی ائیرپورٹس، بندرگاہوں اور بری سرحدی چیک پوسٹوں پر ڈیوٹی فری شاپس کے قیام سے متعلق قواعد و ضوابط مقرر کیے ہیں۔
سرکاری خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق ڈیوٹی فری شاپ کے قواعد و ضوابط جی سی سی ممالک کے مشترکہ کسٹم سسٹم کے مطابق ہیں۔ قواعد و ضوابط پر عمل درآمد 30 روز بعد شروع ہوگا۔
اتھارٹی نے بیان میں کہا کہ’ ڈیوٹی فری شاپس سے مسافروں کو سامان خریدنے کی اجازت ہوگی۔ اس سے سفر کے دوران بہت ساری مصنوعات مارکیٹ میں مہیا ہوں گی‘۔
’ڈیوٹی فری شاپس میں مقامی کمپنیوں کو بھی اپنی مصنوعات متعارف کرانے کا موقع دیا جائے گا۔‘
اتھارٹی نے کہا کہ ’سعودی عرب میں صرف کنگ عبدالعزیز ایئرپورٹ جدہ، کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ ریاض، کنگ فہد انٹرنیشنل ایئرپورٹ ظہران اور امیر محمد بن عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ مدینہ منورہ میں ڈیوٹی فری شاپس ہیں اور یہ مملکت سے باہر جانے والے مسافروں کے لیے کھولی گئی ہیں۔
عکاظ اخبار کے مطابق زکوۃ، ٹیکس اور کسٹم اتھارٹی نے کہا کہ’ ڈیوٹی فری شاپس میں شراب فروخت کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی‘۔
اتھارٹی نے کہا کہ’ ڈیوٹی فری شاپس کے قواعد و ضوابط سعودی کابینہ کی جانب سے ڈیوٹی فری شاپس کے قیام کی منظوری کے بعد مقرر کیے گئے ہیں‘۔