امریکہ کا پاکستانی طالب علموں کے لیے سکالر شپ پروگرام کا اعلان
جمعہ 13 جنوری 2023 15:14
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
فل برائٹ سکالرشپ کے لیے اپلائی کرنے کی آخری تاریخ 12 اپریل 2023 ہے۔ (فائل فوٹو: روئٹرز)
پاکستانی طالب علموں کے لیے امریکی ایجوکیشن فاؤنڈیشن نے سکالرشپ پروگرام کا اعلان کر دیا ہے۔
یونائیٹڈ سٹیٹس ایجوکیشنل فاؤنڈیشن ان پاکستان (یو ایس ای ایف پی) کی جانب سے اعلان کردہ سکالرشپ پروگرام سے ماسٹرز اور پی ایچ ڈی کرنے کے خواہشمند افراد فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔
’یو ایس ای ایف پی‘ کے مطابق فل برائٹ ماسٹرز اور پی ایچ ڈی کے پروگرام کے تحت امریکہ میں سکالر شپ پر مفت تعلیم حاصل کی جا سکتی ہے۔
سکالرشپ پروگرام کے تحت امیدواروں کی فیس، کتابیں، ہوائی ٹکٹ، ماہانہ خرچ اور ہیلتھ انشورنس امریکی حکومت کے ذمہ ہے جبکہ ادارہ ویزے کے حصول میں بھی معاونت کرے گا۔
ماسٹرز کی ڈگری حاصل کرنے کے خواہشمند افراد کے پاس چار سال کی بیچلرز کی ڈگری یا پھر ماسٹرز اور بیچلرز کو اکٹھا کر کے 16 سال کی تعلیم ہونا ضروری ہے۔ تاہم ایم بی اے اور پبلک پالیسی کے امیدواران کے لیے دو سال کا تجربہ درکار ہے۔
پی ایچ ڈی پروگرام کے لیے امیدواروں کے پاس 18 سال کی تعلیم ضروری ہے جبکہ اس پروگرام میں تعلیم، تحقیق اور سرکاری اداروں میں کام کرنے والے افراد کو ترجیح دی جائے گی۔
اس سکالرشپ کے حصول کے لیے گریجویٹ ریکارڈ اگزیمینیشن (جی آر ای)، ٹوئفل ٹیسٹ، پاکستان کی شہریت اور انگریزی زبان میں روانی ضروری ہے۔
فل برائٹ سکالرشپ کے لیے اپلائی کرنے کی آخری تاریخ 12 اپریل 2023 ہے۔