Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پیپلز پارٹی، جماعت اسلامی مذاکرات، کراچی کے میئر کا فیصلہ نہ ہوسکا

پاکستان کے ساحلی شہر کراچی کا میئر کون ہوگا فیصلہ نہ ہوسکا، پاکستان پیپلز پارٹی کے وفد کی جماعت اسلامی کی مقامی قیادت سے ملاقات بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوگئی۔
کراچی میں جماعت اسلامی کی جانب سے میئر کے امیدوار حافظ نعیم الرحمان نے اردو نیوز کو بتایا کہ ‏’سندھ حکومت کا وفد سعید غنی کی قیادت میں ملاقات کے لیے آیا تھا۔ ملاقات اچھے اور خوش گوار ماحول میں ہوئی۔‘ 
انہوں نے بتایا کہ ’سندھ میں الیکشن کے بعد نتائج تبدیل کرنے کے ایک نکاتی ایجنڈے پر بات ہوئی ہے، پیپلز پارٹی کے وفد نے یقین دہانی کرائی ہے کہ معاملات کو درست کریں گے۔‘
حافظ نعیم کا مزید کہنا تھا کہ ’ہمارا موقف اب بھی واضح ہے کہ عملی اقدامات کے بعد ہی مزید بات چیت ہوسکتی ہے۔‘
ملاقات کے بعد پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما سعید غنی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’وزیراعلٰی سندھ سید مراد علی شاہ کی ہدایت پر ادارہ نورحق آئے ہیں۔ ہم چاہتے ہیں کہ پیپلز پارٹی اور جماعت اسلامی مل کر شہری اداروں کو ٹھیک کریں۔‘
’جماعت اسلامی کو بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے تحفظات ہیں، ہم نے یقین دہانی کرائی ہے کہ جس مسئلے پر سندھ حکومت کا کردار بنتا ہے وہ ہم کریں گے اور جن مسائل پر جماعت اسلامی نے قانون کا دروازہ کھٹکھٹایا ہے اس پر ہم کوئی رکاوٹ نہیں ڈالیں گے۔‘

شیئر: